لاس اینجلس میں لگنے والی آگ بے قابو، ہالی وڈ ہلز کو بھی لپیٹ میں لے لیا

  • لاس اینجلس میں لگنے والی آگ بدھ کو ہالی وڈ ہلز تک پہنچ گئی ہے۔
  • ہالی وڈ ہلز میں لگنے والی آگ پبلک پارک ہالی وڈ باؤل سمیت دیگر مشہور مقامات پر بھڑک رہی ہے۔
  • اب تک ایک ہزار سے زائد املاک جل کر خاک ہو چکی ہیں جن میں لوگوں کے گھر شامل ہیں۔
  • کوسٹ آئی لینڈ سے پسادینا تک رہائش پذیر ایک لاکھ 30 ہزار سے زیادہ آبادی کو علاقہ خالی کرنے کے احکامات جاری کیے جا چکے ہیں۔
  • تیز ہواؤں سے آگ پھیل رہی ہے۔ نقل مکانی کرنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
  • صدر بائیڈن نے کیلی فورنیا آتش زدگی کے باعث اپنی مدتِ صدارت کا آخری غیر ملکی دورہ منسوخ کر دیا ہے۔

ویب ڈیسک — امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے جنگلات میں لگنے والی آگ بے قابو ہو چکی ہے اور بدھ کی شب آگ نے بالی ووڈ ہلز کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

فائر فائٹرز پہلے ہی تین مختلف مقامات پر آگ بجھانے میں مصروف ہیں اور اب تک آگ سے پانچ افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ متاثرہ علاقوں کے مکینوں کو فوری علاقہ خالی کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

بدھ کی شب ہالی وڈ ہلز میں لگنے والی آگ پبلک پارک ہالی وڈ باؤل سمیت دیگر مشہور مقامات پر بھڑک رہی ہے۔

آگ کی وجہ سے میٹروپولیٹن ایریا میں کوسٹ آئی لینڈ سے پسادینا تک رہائش پذیر ایک لاکھ 30 ہزار سے زیادہ آبادی کو علاقہ خالی کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

لاس اینجلس میں منگل کی صبح لگنے والی آگ کے باعث اب تک ایک ہزار سے زائد اسٹرکچر جل کر خاک ہو چکے ہیں جن میں بیشتر لوگوں کے گھر ہیں۔

تیز ہواؤں کی وجہ سے جیسے جیسے آگ مختلف مقامات پر لگ رہی ہے ویسے نقل مکانی کرنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

بائیڈن کا دورہ منسوخ

صدر جو بائیڈن نے کیلی فورنیا آتش زدگی کے باعث اپنی مدتِ صدارت کا آخری غیر ملکی دورہ منسوخ کر دیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق صدر بائیڈن نے دورۂ اٹلی و ویٹیکن روانگی سے چند گھنٹے قبل ہی اپنا دورہ منسوخ کرتے ہوئے واشنگٹن میں ہی رہتے ہوئے آگ کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

لاس اینجلس کی میئر کیرن بیس کے مطابق ریاست بھر سے آنے والے فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں جب کہ آگ پر قابو پانے کے لیے فضائی آپریشنز بھی جاری ہیں۔

لاس اینجلس کے جنگلات میں آتش زدگی، کئی گھر جل کر خاک

فائر چیف چاڈ آگسٹن کے مطابق منگل کی شب لگنے والی آگ سے صرف پسادینا کے علاقے میں 200 سے 500 کے درمیان اسٹرکچر تباہ ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم گزشتہ شب آگ پر قابو نہیں پا سکے، تیز ہوائیں آگ کو دور دور تک بھڑکا رہی ہیں۔

دوسری جانب پیلیسیڈ کے علاقے میں ایک ہزار سے زائد اسٹرکچر تباہ ہو گئے ہیں۔

آگ سے ہونے والی تباہی کو لاس اینجلس کی تاریخ کی سب سے بڑی تباہی قرار دیا جا رہا ہے۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔