ہالی وڈ میں اسٹارکاسٹ سے سجی ہر فلم باکس آفس پر ریکارڈ توڑ کامیابی حاصل کرے ایسا ضروری نہیں۔۔ اور یہ بات ثابت ہوئی حال ہی میں ریلیز ہوئی دو فلموں ’آور برانڈ از کرائسس‘ اور ’برنٹ‘ کی ناکامی سے۔
برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق سینڈرا بلک اور بریڈلی کوپر جیسے میگا اسٹارز کی کاسٹ پر مشتمل ’آور برانڈاز کرائسس‘ کہانی ہے ایسے شخص کی جو پیشے کے لحاظ سے پبلسسٹ ہے، لیکن لاطینی امریکہ کا صدارتی انتخاب لڑنے کا فیصلہ کرتا ہے۔ فلم کو باکس آفس پر ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ 2202 سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی فلم صرف 3 اعشاریہ4 ملین ڈالرز کا ہی بزنس کر سکی۔
جون ویلز کی ڈائریکشن میں بننے والی فلم ’برنٹ‘ پر 20ملین ڈالر لاگت آئی تھی۔ ’برنٹ‘ دو ہزار نو سو سینما گھروں میں ریلیز کی گئی اورباکس آفس پر جو رقم اس نے کمائی وہ تھی 5 ملین ڈالرز۔
اسٹار پاور کے حوالے سے دونوں بڑی فلموں ’برنٹ‘ اور ’آوربرانڈ از کرائسس‘ کی ناکامی سے فائدہ اٹھا کر بجٹ اور کاسٹ کے حوالے سے نسبتاً چھوٹی فلموں نے باکس آفس پر اپنا راج قائم کر لیا۔
کمائی کے اعتبار سے ’دی مارشین‘ 11 اعشاریہ4ملین ڈالرز بزنس کرنے کے بعد باکس آفس چارٹ پر پہلے نمبر پر رہی۔ ’گوزبمپس‘ نے کمائے 9 اعشاریہ8 ملین ڈالرز اور حاصل کی دوسری پوزیشن۔ ’برج آف اسپائیز‘ 8اعشاریہ1 ملین ڈالرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔
فلم ’گوزبمپس‘ نے تین ہفتوں میں تقریباً57 ملین ڈالرز کا بزنس کیا۔اسی مدت میں ’برج آف اسپائیز‘ نے45 اعشاریہ 2 ملین ڈالرز کمائے۔
پیراماوٴنٹ کی15 ملین ڈالرز سے بنی فلم ’اسکاوٴٹس گائیڈ ٹو دا زومبی‘ پندرہ سو نو تھیٹرز میں ریلیز ہوئی اور 1اعشاریہ7 ملین ڈالرز کما سکی۔
ریلیز کے دوسرے ہفتے میں ’پیرانارمل ایکٹوٹی‘ کے سیکوئل ’پیرا نارمل ایکٹوٹی ۔۔ دی گھوسٹ ڈائمینشن‘ نے صرف 3 اعشاریہ4 ملین ڈالرز کمائے جبکہ فلم کا مجموعی بزنس 13 اعشاریہ6 ملین ڈالرز رہا۔
وارنر برادرز اسٹوڈیو کے ذرائع نے امید ظاہر کی ہے کہ آئند ہ سال ’بیٹ مین فائیو، سپرمین، ڈان آف جسٹس، ہیری پوٹر اسپن آف، فینٹاسٹک بیسٹ‘ اور ’وئیر ٹو فائنڈ دیم‘ جیسی فلمیں ریلیز ہونے جارہی ہیں جو یقینا ہالی وڈ کے باکس آفس پر چھائی مندی کو تیزی میں بدلنے میں کامیاب رہیں گی۔