’باحجاب ماڈلنگ‘، بغیر بال دکھائے شیمپو کا اشتہار

برطانوی مسلمان ماڈل اور یوٹیوب بلاگر امینہ خان نے اپنے اشتہار کی ویڈیو انسٹا گرام پر شیئر کی جس میں خود امینہ کے بال تو حجاب میں ڈھکے ہیں لیکن دوسری دو ماڈلر کھلے بالوں میں ہیں۔

سوئی سے لے کر جہاز تک آج کل جو بھی چیز بیچنا ہو جب تک اس میں گلیمر اور چکا چوند کا تڑکا نہ لگے بات نہیں بنتی لیکن شاید آپ یہ جان کر حیران رہ جائیں کہ شیمپو کا ایک اشتہار ایسا بھی ہے جس کے چرچے ماڈل کے خوبصورت بالوں کی وجہ سے نہیں بلکہ حجاب کی وجہ سے ہو رہے ہیں۔

شاید ماڈلنگ کی تاریخ میں یہ پہلی بار ہوا ہے کہ مشہور فرانسیسی انٹرنیشنل برانڈ ’لوریل‘ نے اپنے ہیئرکلر اورشیمپوکے لئے باحجاب ماڈل کا انتخاب کیا اور ماڈل نے بغیر بال دکھائے ہیئر کلر کی تشہیر کی۔

برطانوی مسلمان ماڈل اور یوٹیوب بلاگر امینہ خان نے اپنے اشتہارکی ویڈیو انسٹا گرام پر شیئر کی جس میں خود امینہ کے بال تو حجاب میں ڈھکے ہیں لیکن دوسری دو ماڈلر کھلے بالوں میں ہیں۔

امینہ خان نے جریدے’ ووگ ‘یو کے سے گفتگو میں کہا ’ کتنے برانڈز اس طرح کا دلیرانہ قدم اٹھانے کی جرات رکھتے ہیں؟ بہت زیادہ نہیں۔ یہ اشتہار گیم چینجر ہے۔ کمپنی نے ایک ایسی لڑکی کو اپنے ہیئر پروڈکٹ کی اشتہاری مہم میں شامل کیا جس کے بال چھپے ہوئے ہیں۔ اس کا مطلب وہ مختلف چیزیں اور نظرئیے کوبھی اہمیت دیتے ہیں۔یہ پہلا موقع ہے کہ خالصتا بالوں سے متعلق پروڈکٹ کے اشتہار میں بالوں کو ہی نہیں دکھایا گیا۔‘

امینہ خان نے 20 سال کی عمر سے حجاب پہننا شروع کیا اور ساتھ ساتھ ماڈلنگ بھی شروع کی ۔امینہ نہ صرف برطانیہ بلکہ یورپی اورمسلمان ممالک کے مختلف برانڈز کے اشتہاروں میں کام کر چکی ہیں۔

امینہ خان کے اشتہارکو سوشل میڈیا اور عالمی میڈیا پر بھرپور پذیرائی ملی۔ سی این این کا کہنا تھا ’کمپنی‘ نے تمام رکاوٹیں توڑ کر بالوں کی پروڈکٹس کے لئے باحجاب ماڈل لے کرنئی تاریخ رقم کردی ۔‘

کمپنی کے مطابق اس اشتہار کے ذریعے مسلمان خواتین کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ بالوں کی حفاظت اور ان کی خوبصورتی کا حجاب سے کوئی تعلق نہیں۔ حجاب میں ڈھکی ہوئی زلفوں کو بھی اسی طرح حسین بنایا جاسکتا ہے جس طرح عام خواتین اپنے کھلے بالوں کو بناتی ہیں۔‘