آپ نے سپر فوڈ کے بارے میں سنا ہوگا لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ سپر فوڈ کسے کہتے ہیں اور کونسے پھل سپرفوڈ کے درجے پر پورا اترتے ہیں۔ غذائی ماہرین سپر فوڈ کے طور پر جن پھلوں کو منتخب کرتے ہیں وہ اینٹی آکسیڈنٹ، فائبر، وٹامنز، معدنیات اور دیگرغذائیت سے بھرے ہوتے ہیں ان میں ہماری صحت مندی، لمبی عمر اور بیماریوں سے محفوظ رکھنے کی خصوصیات شامل ہوتی ہیں۔
یوں تو کھانا انسان پیٹ بھرنے کے لیے کھاتا ہے لیکن ہم میں سے بہت سے لوگ اس بات سے ناواقف ہیں کہ ہماری کھانے پینے کی چیزوں میں ہماری صحت کا راز پوشیدہ ہے۔ خوش قسمتی سے قدرتی حکمت عملی ایک ایسا راستہ ہےجو خطرناک بیماریوں کینسر، ذیابیطس، جان لیوا دل کا دورہ اور اسٹروک سے بچنے کے لیے ہماری مدد کرتا ہے۔
آکسفورڈ یونیورسٹی سے وابستہ ماہرین نے ایک سال کے دوران سپر فوڈ کےحوالے سے طبی ٹیسٹوں اوران کے نتائج پر ایک تجزیاتی رپورٹ پیش کی ہے جس سے پتا چلتا ہے کہ حالیہ دنوں میں قلبی صحت کی حفاظت کے طور پر جو سپر فوڈ ابھر کر سامنے آیا ہے وہ انار ہے۔
انار پر کی جانے والی تحقیق سے ظاہر ہوا ہے کہ انار میں تمام پھلوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ صحت کےفوائد موجود ہیں۔
بائیو میڈیکل کے سائنسدان سیپی سیھا ٹی نے کہا کہ جب ہم نے سپر فوڈ کے حوالے سے دنیا بھر کے جائزوں پر نظر ڈالی تو پتا چلا کہ ماہرین کی بنیادی توجہ انار ہے۔
انار پر ایک سال کے دوران 194 مطالعے شائع ہوئے ہیں جو کسی بھی دوسرے پھل کے مقابلے میں بہت زیادہ ہیں۔ ماہرین کہتے ہیں کہ انار میں قدرت کی طرف سے شفا یابی کا راز چھپا ہوا ہے۔
ڈاکٹرسیاٹھی نے کہا کہ قابل قبول حکمت کے مطابق سپر فوڈ تمام بیماریوں کا علاج نہیں ہو سکتے لیکن پھلوں میں صحت افزا ء اثرات کا پتا چلاہے۔ ''انار ایک قدیم پھل سمجھا جاتا ہے جس میں صدیوں کے لیے صحت مندی کی خصوصیات موجود ہیں۔''
ایک گزشتہ تحقیق میں اسکاٹ لینڈ کے ماہرین نے بتایا تھا کہ روزانہ انار کا جوس پینے سے کمر کے اردگرد چربی کا خاتمہ ہوتا ہے اس کے قدرتی اجزاء موٹاپےکا باعث بننے والے خلیات کا خاتمہ کر کے چربی پگھلانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جبکہ ذہنی تناؤ کو کم کرنے کے لیے بھی انار کے جوس کو بہترین ٹانک قرار دیا گیا ہے۔
انار کے فوائد کے حوالے سے تجزیہ کار کہتے ہیں کہ انار منفرد غیر تکسیدی مادوں (اینٹی آکسیڈنٹس ) سے بھرا ہوا ہے۔ اس میں سنگترے اور سبز چائے سے تین گنا زیادہ اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں، یہ غیر تکسیدی مادے جسم کے زہریلے آزاد اصلیوں (فری ریڈیکلز) کے حملوں کےخلاف حفاظت کرتے ہیں۔
تازہ ترین جائزے سے پتا چلا ہے کہ انار کا خطرناک پروسٹیٹ کینسر اور آنتوں کے کینسر کے پھیلاؤ کی کمی کے ساتھ گہرا تعلق موجود ہے۔ انار مہلک پروسٹیٹ کینسر کو بڑھنے سے روک سکتا ہے بلکہ پروسٹیٹ کینسر کے خلیات کو ختم کر سکتا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، انار ذیا بیطس میں مبتلا افراد یا اس بیماری کے خطرے کی روک تھام کےلیےمددگار ہے۔ سائنسی مشاہدات کی روشنی میں کہا جاسکتا ہے کہ کھانے کے بعد انار کھانے سے جسم میں بلڈ شوگر کی سطح کو کنٹرول میں رکھا جاسکتا ہے جو ذیا بیطس ٹائپ ٹو مریضوں کے لیے ایک اہم مسئلہ ہے۔
انار کے حوالے سے محققین نے بتایا کہ انار دل کی حفاظت کرتا ہے اور قلبی بیماریوں کی روک تھام کرتا ہے اور قلبی امراض کے اثرات کو واپس کم کرتا ہے۔ انار قلبی نظام کو بھی طاقت فراہم کرتا ہے اور صحت مند بلڈ پریشر کی سطح کو فروغ دیتا ہے، دل کی شریانوں کو چربی سے پاک کر کے خون کے بہاو کو بہتر بناتا ہے کیونکہ شریانوں کی سختی دل کے دورے کا ایک بڑا سبب ہےجبکہ انار جلد اور جگر کی صحت کے لیےبھی بہت مفید ہے۔
دیگر سپرفوڈ کہلائے جانے والے پھلوں کا ذیل میں مختصرا ذکر موجود ہے۔
بلیو بیریز: بہت سے سائنسی مطالعات میں بلیو بیریز کو دماغ کے افعال اور بہتریاداشت کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔ حالیہ برسوں میں بلیو بیریز دنیا بھر میں لوگوں کی توجہ کا مرکز رہی ہیں۔ کئی مطالعوں میں بتایا گیا ہے کہ بلیو بیریز میں موجود فلیوونائڈز کی اعلیٰ سطح یاداشت اور بڑی عمر میں دماغ کے افعال کو بہتر کرتی ہے۔ اس کے علاوہ بلیو بیریز پوٹاشیم سے بھری ہیں جو میٹا بولزم (تحول ) کے لیے اہم کردار ادا کرتا ہے جس سے آپ دبلے رہتے ہیں اور خود کو زیادہ توانا محسوس کرتے ہیں۔
گریپ فروٹ : سنگترا ایک ایسا سپر فروٹ ہے جو اینٹی آکسیڈنٹس کی صلاحیت سے بھرا ہوا ہے۔ یہ صرف دبلا پتلا رہنے کے لیے ایک ڈائیٹ نہیں ہے بلکہ وزن سے زیادہ قلبی صحت کے لیے گریپ فروٹ کھانا اچھا ہوتا ہے۔ متعدد مطالعوں سے یہ بات واضح ہوئی ہے کہ گریپ فروٹ کولیسٹرول میں کمی کرکے دل کےامراض کو دور رکھنے میں مدد کرتا ہے۔
خربوزہ : خربوزے میں قدرت کی طرف سے خوبصورتی کا راز چھپا ہے۔ خربوزہ جلد کی نرماہٹ اور چہرے کو تروتازہ اور توانا رکھتا ہے خاص طور پر خربوزے میں موجود وٹامن اے اور دوسرے ماخذ خلیات کی پیداوار میں اضافہ کرتے ہیں اور یہ خاصیت اسے ایک اچھا ایکسفولیاٹر (مردہ خلیات کی پرت اتارنا) بناتی ہے۔
تربوز : تربوز لائکوپین، وٹامن اے اور وٹامن سی سے بھرا ہے۔ کئی مطالوں سے پتا چلا ہےکہ تازہ ٹماٹر کھانے سے ایک کپ تربوز کھانے کا فائدہ دو گنے سےبھی زیادہ ہے جبکہ ایک کپ تربوز صرف 40 کیلوریز ہوتی ہے۔
کیلا : اگر بار بار اسنیک کھانے کے باوجود آپ کی بھوک نہیں جاتی تو اگلی بار اسنیک کے بجائے کیلا کھائیں کیونکہ کیلا پوٹاشیم سے بھرا ہے جو نا صرف بلڈ پریشر کو کم کرتا ہے بلکہ آپ کی بھوک کو مٹاتا ہے اور پیٹ بھرا ہونے کا احساس پیدا کرتا ہے۔
انگور : انگور کی جو خاصیت اسے سپر فروٹ بناتی ہے وہ اس کا خاص اینٹی آکسیڈنٹ ریسوراٹرول ہےجو صحت مند دل کو فروغ دیتا ہے۔ ماہرین کو چوہوں پر کی جانے والی تحقیق سے پتا چلا ہے کہ انگور کے بیج میں جو مرکبات ہیں وہ الزائمر کی بیماری سست کرنے میں مدد کرتے ہیں اور سر اور گردن کے کینسر کے خلیات کا خاتمہ کر سکتے ہیں جبکہ انگور میں موجود میلیک ایسڈ قدرتی طور پر دانتوں کی پیلاہٹ اور داغوں کو کم کرتا ہے۔