’ہی نیمڈ می ملالہ‘ کا آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے کا امکان

فلم ٹورنٹو فلمی فیسٹیول سمیت متعدد فلمی میلوں میں دکھائی جا چکی ہے، جبکہ اس فلم نے سین ڈیاگو فلم فیسٹیول میں ’بہترین گالا فلم‘ کا ایوارڈ بھی حاصل کیا

لڑکیوں کی تعلیم کے حق میں آواز بلند کرنے والی ملالہ یوسف زئی کی زندگی پر بنی دستاویزی فلم ’ہی نیمڈ می ملالہ‘ کو آسکر ایوارڈز 2016ء کی دستاویزی فیچر کی کیٹیگری کے لئے شارٹ لسٹ کرلیا گیا ہے۔

اس کیٹیگری کے لئے دنیا بھر سے 124 دستاویزی فلمیں بھیجی گئیں تھیں جن میں سے 15 فلموں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

’ہی نیمڈ می ملالہ‘ کو ڈائریکٹ کیا ہے امریکی فلم ڈائریکٹر پروڈیوسر ڈیوس گیوگینم ہیم نے، جبکہ پروڈیوسر ہیں امریکی پارٹی سی پنٹ میڈیا اور یو اے اِی کی ’امیجی نیشن ابو دھابی‘ نے۔

’ہی نیمڈ می ملالہ‘ میں ملالہ یوسف زئی کے انگلینڈ میں گزرنے والے روز و شب اور مصروفیات کی عکاسی کی گئی ہے۔ سوات میں طالبان نے ملالہ یوسف زئی کو لڑکیوں کی تعلیم کی وکالت کرنے پر نشانہ بنایا تھا جس کے بعد 2012ء سے ملا لہ اپنے خاندان کے ساتھ انگلینڈ میں مقیم ہیں۔

ملالہ نوبل انعام حاصل کرنے والی سب سے کم عمر شخصیت بھی ہیں۔

’ہی نیمڈ می ملالہ‘دو اکتوبرکو امریکہ میں ریلیز ہو گی۔ ’ڈان نیوز‘ کی ایک خبر کے مطابق فلم ٹورنٹو فلم فیسٹیول سمیت متعدد فلمی میلوں میں دکھائی جاچکی ہے جبکہ اس فلم نے سان ڈیاگو فلم فیسٹیول میں ’بہترین گالا فلم‘ کا ایوارڈ بھی حاصل کیا۔

آسکر ایوارڈز حاصل کرنے کی دوڑ میں پانچ فلموں کوشامل کیا جائے گا جن کے ناموں کا اعلان 14جنوری کوکیا جائے گا۔ آسکر کے دیگر شعبوں کی نامزدگیوں کا اعلان بھی اسی تقریب میں ہوگا جو بیورلی ہلز کے سیموئل گولڈوائن تھیڑ میں منعقد ہوگی۔

جن دیگر فلوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے ان میں ایمی، بیسٹ آف اینیمی، کارٹل لینڈ، گوئنگ کلئیر، ہارٹ آف اے ڈاگ، دی ہنٹنگ گراوٴنڈ، لسن ٹو می مارلن، دی لک آف سائلنس، میرو، وی کم از فرینڈز، واٹ ہینپنڈ مس سائمن، وئیر ٹو انویڈ نیکسٹ، ونٹر آن فائر۔۔یوکرین فائٹ فورفریڈم شامل ہیں۔