پاکستان کے فاسٹ بالر حسن علی منگل کے روز دوبئی میں باقاعدہ طور پر دولہا بن گئے۔ اُن کی شادی دوبئی میں رہنے والی بھارتی نژاد سامعہ آرزو سے انجام پائی۔
اطلاعات کے مطابق نکاح کی تقریب دوبئی کے ایک ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں دولہا اور دلہن کے قریبی رشتہ داروں اور دوستوں نے شرکت کی جن میں معروف نوجوان سپنر شاداب خان بھی شامل ہیں۔
نکاح کی رسم پیر کے روز ادا کی گئی جس کے بعد دولہا اور دلہن دوبئی کے مختلف اہم مقامات پر فوٹو شوٹ کیلئے گئے۔ ان کی تصاویر سماجی رویوں کی ویب سائٹس پر وائرل ہو گئیں۔
اگلے روز منگل کو شادی کی باقاعدہ تریب منعقد ہوئی جس میں مہمانوں کی روایتی کھانوں سے تواضح کی گئی جن میں پشاوری کڑاہی، بریانی، بھنا ہوا گوشت، آلو میتھی، مٹن کڑاہی اور عرب مکسڈ گرل شامل تھے۔ اس کے علاوہ سلاد اور میٹھے کی بھی خاصی ورائیٹی موجود تھی۔
شادی کے بعد حسن علی نے اسی انداز میں خوشی کا اظہار کیا جیسے وہ کرکٹ میچوں میں وکٹ حاصل کرنے کے بعد کرتے ہیں۔
حسن علی کی دلہن سامعہ آرزو ایروناٹیکل انجینئر ہیں اور وہ ایک نجی ایئر لائن میں ملازمت کرتی ہیں۔
سامعہ آرزو اپنے والدین کے ہمراہ دوبئی میں رہتی ہیں۔ اُن کے والدین کا تعلق بھارت کی ریاست ہریانہ سے ہے جبکہ اُن کے رشتہ دار نئی دہلی میں رہتے ہیں۔
حسن علی نے نکاح کے بعد ٹویٹر پر لکھا کہ وہ لوگوں کی نیک خواہشات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنے مداحوں سے کہا کہ وہ انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔
حسن علی چوتھے پاکستانی کرکٹر ہیں جنہوں نے بھارتی نژاد خاتون کو اپنی شریک حیات کے طور پر منتخب کیا۔ ان میں سب سے پہلے کرکٹر محسن حسن خان نے اپنے زمانے کی معروف بالی ووڈ اداکارہ رینا روئے سے 1983 میں شادی کی۔
اُن کے بعد 1970 کی دہائی کے معروف بیٹسمین ظہیر عباس نے بھارتی خاتون ریتو لوتھڑا سے 1988 میں شادی کی۔ شادی کے بعد وہ ثمینہ عباس کہلائیں۔
ظہیر عباس کے بعد کرکٹر شعیب ملک کی بھارت کی ٹینس سوپر سٹار ثانیہ مرزا کے ساتھ شادی کی بہت دھوم رہی۔ یہ شادی 12 اپریل، 2010 کو ہوئی۔
اب حسن علی پاکستانی ٹیم کے چوتھے کرکٹر ہیں جو اپنے تینوں پیشرو کرکٹرز کی تقلید کرتے ہوئے بھارتی نژاد لڑکی کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیشتر کھلاڑی تربیتی کیمپ میں مصروفیات کے باعث اس شادی میں شرکت کے لیے دوبئی نہیں جا سکے اور حسن علی کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ ماہ پاکستان میں دعوت ولیمہ کا اہتمام کریں گے تاکہ ان کے تمام ساتھی کرکٹر بھی ان کی خوشی میں شامل ہو سکیں۔