|
ویب ڈیسک -- ڈیموکریٹک صدارتی اُمیدوار کاملا ہیرس کے ذاتی معالج نے صدارتی منصب سنبھالنے کے لیے کاملا کو 'ذہنی اور جسمانی طور' پر مکمل فٹ قرار دیا ہے۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق ہفتے کو اُن کے ذاتی معالج کی جانب سے جاری کیے گئے خط میں کاملا ہیرس کا طبی ریکارڈ اور دیگر تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔
امریکی فوج کے کرنل اور نائب صدر کے معالج ڈاکٹر جوشوا سیمنز نے خط میں لکھا ہے کہ 59 سالہ ہیرس مکمل طور پر 'صحت مند' ہیں اور اپریل میں اُن کے تفصیلی طبی معائنے کے مطابق اُنہیں کوئی بیماری نہیں ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ کاملا ہیرس صدارتی عہدے کی ذمے داریاں کامیابی سے سر انجام دینے کے لیے درکار ذہنی اور جسمانی اہلیت رکھتی ہیں۔ ان ذمہ داریوں میں چیف ایگزیکٹو، ہیڈ آف اسٹیٹ اور کمانڈر ان چیف کے فرائض بھی شامل ہیں۔
کاملا ہیرس کی مہم کے ایک معاون نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہیرس کی تفصیلی میڈیکل رپورٹ کو ری پبلکن حریف ڈونلڈ ٹرمپ کی میڈیکل رپورٹس سے موازنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
ان کے بقول سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ برسوں میں اپنی صحت کے بارے میں محدود معلومات ہی جاری کی تھیں جس کے بعد صدارتی منصب سنبھالنے کے لیے اُن کی فٹنس پر سوال اُٹھائے جا رہے ہیں۔
سیمنز کے مطابق وہ لگ بھگ ساڑھے تین برس سے کاملا ہیرس کے ذاتی معالج ہیں۔ اُن کے بقول نائب صدر کو الرجیز جن میں سکن الرجی اور چھپاکی بھی شامل ہیں، کی شکایت رہی ہے جس کے لیے وہ تین برس سے الرجین امیونو تھراپی پر ہیں۔
اُن کے بقول کاملا ہیرس کے بلڈ ٹیسٹ اور دیگر ٹیسٹ نارمل ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کاملا ہیرس نزدیک کی نظر کے لیے کانٹیکٹ لینز استعمال کرتی ہیں۔ اُن کے خاندان میں کولون کینسر کی تاریخ رہی ہے جس سے بچاؤ کے لیے وہ تمام حفاظتی تدابیر اور سالانہ میموگرام ٹیسٹ بھی کراتی ہیں۔
کاملا ہیرس کی میڈیکل رپورٹ جاری ہونے سے قبل اُن کی مہم کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تفصیلی میڈیکل ریکارڈ فراہم نہ کرنے کا معاملہ بھی اُٹھایا جا رہا تھا۔
78 سالہ ٹرمپ صدارتی مہم کے دوران اپنے سابق حریف 81 سالہ جو بائیڈن کی صحت اور صدارتی عہدے کے لیے اُن کی فٹنس پر سوال اُٹھاتے رہے ہیں۔ لیکن صدر جو بائیڈن کی جانب سے صدارتی مہم سے دست برداری کے بعد اب سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صحت پر بات ہو رہی ہے۔
گزشتہ سال نومبر میں ڈونلڈ ٹرمپ نے جو بائیڈن کی سالگرہ کے روز اپنے معالج کا خط ریلیز کیا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ سابق صدر کی جسمانی اور ذہنی صحت 'بہترین' ہے۔
ٹرمپ کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پوسٹ کیے گئے اس خط میں اس دعوے کی حمایت کے لیے وزن، بلڈ پریشر، کولیسٹرول لیول جیسی کوئی تفصیل نہیں تھی۔
اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔