حنیف عباسی اٹک سے کوٹ لکھپت جیل منتقل

فائل

مسلم لیگ نواز کے رہنما حنیف عباسی کوطبیعت کی خرابی کے باعث کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقل کردیا گیا ۔ وہ دل کے عارضہ میں مبتلا ہیں ۔

آئی جی جیل خانہ جات پنجاب شاہد بیگ نے میڈیا کو فراہم کردہ تفصیلات میں بتایا کہ حنیف عباسی کو کوٹ لکھپت جیل میں منتقلی سے قبل اڈیالہ جیل میں رکھا گیا تھا جہاں قید کے دوران انہیں دل کی تکلیف ہوئی جس پر انہیں اسپتال لے جایا گیا تھا ۔

اسپتال میں حنیف عباسی کو اسٹنٹ ڈالا گیا تھا۔ اٹک میں اس مرض کے علاج کے لئے کوئی بڑا اسپتال نہیں جس کی وجہ سے انہیں لاہور منتقل کیا گیا۔

حنیف عباسی کو اڈیالہ جیل میں سپرنٹنڈنٹ آفس میں نواز شریف کے ساتھ تصویر سامنے آنے پر اٹک جیل منتقل کیا گیا تھا جبکہ اس سے قبل جولائی میں انہیں ایفی ڈرین کیس میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حنیف عباسی سزا کے بعد اڈیالہ جیل میں قید تھے مگرسابق وزیر اعظم کی پچھلے مہینے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا معطل ہوجانے کے بعد نواز شریف کی رہائی کے موقع پرحنیف عباسی کے جیل سپرنٹنڈنٹ کے کمرے میں موجودگی کا معاملہ سامنے آنے پر انہیں اٹک جیل منتقل کردیا گیا تھا۔