موسیقی کی دنیا کے ممتاز فن کاروں نے ہیٹی کے متاثرین کی مدد کے لیے جمعے کے روز لاس اینجلس ، نیویارک ، لندن اور ہیٹی سے ایک ٹیلی ویژن کے ایک ٹیلی تھان شو میں شرکت کی۔ یہ پروگرام امریکہ اور کینیڈا میں ایک ساتھ نشر ہوا اور اسے دنیا بھر میں لاکھوں ناظرین نے، کیبل، سیٹلائٹ اور انٹرنیٹ پر دیکھا۔
اس ٹیلی تھان کے ذریعے ایلیشیا کیز نے دنیا بھر کے لوگوں سے ہیٹی کے متاثرین کے لیے مدد کی اپیل کی۔
12 جنوری کو ہیٹی میں تباہ کن زلزلے کا نشانہ بننے والے متاثرین کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے کا یہ پروگرام ادکار جارج کلونے نے منظم کیا تھا۔ اس شو میں انہوں نے ان مسائل کا ذکر کیا جس کا سامنا ہیٹی کے متاثرین کوہے۔ ان کا کہناتھا کہ ایک اندازے کے مطابق زلزلے میں تقریباً دو لاکھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے یہ ایک موقع ہے کہ ہم ان لوگوں کی کھلے دل کے ساتھ مدد کریں جنہیں اس کی اشد ضرورت ہے۔
ہالی وڈ کے فن کاروں نے اس شو کے دوران زلزلے میں زندہ بچ جانے والوں اور امدادی کارکنوں کی کہانیاں بھی سنائیں۔ لیونارڈو نے ہیٹی میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ایک میڈیکل ٹیم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں میڈیکل تنظیموں کو طبی رسدوں کی قلت کا سامنا ہے اور انہیں اس سلسلے میں مدد کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ میڈیکل تنظیموں کے پاس زخموں کو صاف کرنے کی ادویات نہیں ہیں اور سرجری کے آلات کی شدید قلت ہے۔
بہت سے فلمی ستاروں نے اس پروگرام میں اپنی جانب سے عطیات کا اعلان کیا ۔ لیونارڈ ڈی کیپریو نے امدای فنڈ میں دس لاکھ ڈالر کے عطیہ دیا۔
ہالی وڈ سٹارز نے شو کے دوران ٹیلی فون پر ناظرین کے سوالات کے جوابات دیے اور ان کی جانب سے عطیات کا اعلان کیا۔
شو کے دوران سی این این کے اینڈرسن کوپر نے ہیٹی سے براہ راست شرکت کر کے وہاں کی ناظرین کو وہاں کی تازہ ترین صورت حال سے آگا ہ کیا۔ ان کی رپورٹ میں دوسرے متاثرین کے ساتھ ساتھ ان دو بچوں کے انٹرویوز بھی شامل تھے جنہیں ملبہ کھود کر نکالا گیاتھا۔
امدادی شو میں میڈونا ، جے زی، ریانا، بونو اور دی ایج، شیریل کرو، کڈ راک ، کیتھ اربن اور بروس سپرنگ سٹین نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
ہیٹی میں پیدا ہونے والے موسیقار ویک لیف جین ، زلزلے کے بعد اپنے وطن جاکر امدادی کارروائیوں میں حصہ لیے رہے ہیں۔ اس شو میں انہوں نے اپنے گلے میں ہیٹی کا پرچم لپیٹ رکھا تھا ۔ انہوں نے شو کا اختتام ہیٹی کی تعمیر نو کی اپیل اور اپنے وطن کے نام ایک نغمے سے کیا۔
ہیٹی کے لیے ٹیلی تھان شو کے ذریعے اکٹھے کیے جانے والے عطیات میں سے کچھ رقم جین کی ییلے ہیٹی فاؤنڈیشن کو ملے گی جب کہ آکسفام امریکہ، ریڈ کراس ، یونیسیف ، ورلڈ فوڈ پروگرام اور کلنٹن بش فاؤنڈیشن کو بھی فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔
اس شو میں ہیٹی سے تعلق رکھنے والے گلوکار جین نے جو نغمہ گایا تھا اس میں کہا گیا تھا کہ زلزلے نے زمین کو تہہ وبالا کردیا ہے لیکن وہ ہیٹی کے لوگوں کی روحوں کو کبھی گزند نہیں پہنچا سکتا۔