’گھن چکر‘ میگا ہٹ ہو گی: عمران ہاشمی

34 سالہ عمران ہاشمی کو کیرئیر کے آغاز میں تو کوئی بڑی ہٹ فلم نہ مل سکی لیکن ’ دی ڈرٹی پکچر‘ ،’جنت 2‘، ’راز 3‘ اور ’ایک تھی ڈائن‘ نے ان پر کامیابی کے دروازے کھول دئیے۔
بالی وُوڈ کے بولڈ ہیرو عمران ہاشمی اپنے ’مخصوص‘ امیج اور کرداروں سے ہٹ کر بھی کچھ کر دکھانے کے موڈ میں ہیں اور اسی لئے انہوں نے فلموں کے چناؤ میں احتیاط برتنا شروع کردی ہے۔ اپنی آنے والی فلم ’گھن چکر‘ کے بارے میں عمران کو یقین ہے کہ یہ فلم ان کے کیرئیر کی سب سے بڑی ہٹ فلم ثابت ہو گی۔
بھارتی چینل ’زی نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے عمران ہاشمی کا کہنا تھا کہ پچھلے تین، چار سالوں کے دوران میں نے بہت مختلف سبجیکٹ کی فلمیں کیں جیسے ’ونس اپون اے ٹائم ان ممبئی‘ اور ’ڈرٹی پکچر‘ جیسی فلمیں شامل رہی ہیں، جن کا رسپونس بڑا زبردست رہا۔ اسی لئے مجھے امید ہے کہ گھن چکر بھی میرے پرستاروں کو ضرور پسند آئے گی۔
34 سالہ عمران ہاشمی کو کیرئیر کے آغاز میں تو کوئی بڑی ہٹ فلم نہ مل سکی لیکن ’ دی ڈرٹی پکچر‘ ،’جنت 2‘، ’راز 3‘ اور ’ایک تھی ڈائن‘ نے ان پر کامیابی کے دروازے کھول دئیے اور عمران اب اسی کامیابی کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔
گھن چکر ایک کامک تھرلر ہے جو مہاراشٹر کے رہنے والے ایسے شخص کے گرد گھومتی ہے جس کا دعویٰ ہے کہ وہ دولت کہیں رکھ کے بھول گیا ہے۔
فلم کے بارے میں بات کرتے ہوئے عمران ہاشمی کا کہنا تھا کہ کہانی کا سپنس اس طرح کا ہے کہ کوئی اندازہ نہیں لگا سکتا کہ پیسہ ہے کس کے پاس۔ یہ ٹھیک ہے کہ فلم کا تھیم کامکل ہے لیکن اس میں شامل سپنس کا اینگل بھی کچھ کم شاندار نہیں۔ اس کا سارا کریڈٹ جاتا ہے فلم کے رائٹرز راج کمار گپتا اور پرویز شیخ کو۔ ہر پندرہ منٹ بعد یوں لگتا ہے کہ پیسہ شاید اس شخص کے پاس ہے، یا پھر اس کی بیوی یا دوسرے دو لوگوں کے پاس لیکن کلائمکس تک کوئی انداز ہ نہیں لگا سکتا کہ جس رقم کی ڈھونڈیا مچی ہے وہ ہے کس کے پاس؟
راج کمار گپتا کی ڈائریکٹ کردہ ’گھن چکر‘ جس میں ودیا بالن نے عمران کی پنجابی بیوی کا کردار بڑی خوبی سے نبھایا ہے، 28 جون کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔