شوال میں جھڑپ، فوج کے افسر سمیت دو اہلکار ہلاک

(فائل فوٹو)

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ہی پاکستانی فوج نے شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں دہشت گردوں کے خلاف زمینی کارروائی کا آغاز کیا تھا۔

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان کی وادی شوال میں فوج کی کارروائی جاری ہے اور پیر کو ہونے والی ایک جھڑپ میں لفٹیننٹ کرنل سمیت دو اہلکار ہلاک ہو گئے۔

جب کہ لڑائی میں چھ دہشت گرد بھی مارے گئے۔ تازہ جھڑپ کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

اس لڑائی میں ہونے والے جانی نقصان کی تفصیلات کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے کیوں کہ جہاں یہ جھڑپ ہوئی وہاں تک میڈیا کے نمائندوں کی رسائی نہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ہی پاکستانی فوج نے شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں دہشت گردوں کے خلاف زمینی کارروائی کا آغاز کیا تھا۔

اُدھر پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے افغان سرحد سے ملحقہ قبائلی علاقے شمالی وزیرستان کے بعض دور دراز حصوں میں موجود "دہشت گردوں" کے خاتمے کے عزم کو دہرایا ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق پاکستان فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی۔

راولپنڈی میں فوج کے صدر دفتر میں ہونے والی ملاقات کے دوران بری اور فضائی فوج کے سربراہان نے شمالی وزیرستان اور خاص طور پر وادی شوال میں موجود عسکریت پسندوں کے خلاف جاری سکیورٹی آپریشن میں اب تک ہونے والے پیش رفت کا جائزہ لیا۔

بیان کے مطابق ائیر چیف مارشل سہل امان نے دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن میں پاکستان فضائیہ کی طرف سے مکمل تعاون کی یقینی دہانی کروائی۔

پاکستانی فوج نے گزشتہ سال 15جون کو شمالی وزیر ستان کے قبائلی علاقے میں مقامی اور غیر مقامی عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب شروع کیا تھا۔

جب کہ گزشتہ سال اکتوبر میں خیبر ایجنسی میں بھی دہشت گردوں کے خلاف بھرپور فوجی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔

شمالی وزیرستان اور خبیر ایجنسی میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو فضائی کی مدد سے بھی نشانہ بنایا جاتا رہا ہے اور گزشتہ ہفتے ائیر چیف مارشل نے خود بھی شمالی وزیرستان میں موجود عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کے خلاف ہونے والی فضائی کارروائیوں میں حصہ لیا۔

حکام کے مطابق شمالی وزیرستان کے نوے فیصد سے زائد علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کروایا جا چکا ہے۔ تاہم اب بھی شمالی وزیرستان کی وادی شوال کے دشوار گزار علاقوں میں چند ایک جگہوں پر دہشت گرد موجو د ہیں جن کو خاتمے کے لیے فضائی اور زمینی کارروائی جاری ہے۔