باگبو عالمی فوجداری عدالت میں

باگبو عالمی فوجداری عدالت میں

آئیوری کوسٹ کے سابق صدر لوران باگبو پیر کو جرائم کی عالمی عدالت میں پیش ہورہے ہیں جہاں وہ گزشتہ سال انتخابات کے بعد انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات کا سامنا کریں گے۔

مسٹر باگبو پہلے سابق سربراہ مملکت ہیں جن پر 2002ء میں قائم میں آنے والی عالمی عدات میں مقدمہ چلایا جارہا ہے۔ انھیں اس دوران عائد کیے گئے الزامات کی تفصیل اور ان کے قانونی حقوق پڑھ کر سنائے جائیں گے۔

عالمی عدالت کے مطابق مسٹر باگبو انتخابات کے بعد ہونے والے پرتشدد واقعات میں بلواسطہ طور پر قتل، جنسی زیادی اور دیگر جرائم میں ملوث ہیں۔

گزشتہ سال انتخابات میں شکست کے باوجود سابق رہنما نے الاسان واتارا کے حق میں اقتدار چھوڑنے سے انکار کردیا تھا ور آئیوری کوسٹ میں چار ماہ تک جاری رہنے والی خانہ جنگی میں تقریباً تین ہزار افراد ہلاک اور دس لاکھ سے زائد بے گھر ہوگئے تھے۔

جرائم کی عالمی عدالت کا کہنا ہے کہ اس بات پر یقین کرنے کے لیے’’معقول وجوہات‘‘ موجود ہیں کہ مسٹر باگبو کی فورسز نے مسٹر واتارا کے حامیوں پر حملے کیے۔

آئیوری کوسٹ کے سابق سربراہ کو اپریل میں گرفتار کیا گیا تھا اور گزشتہ ہفتے انھیں ہیگ منتقل کیا گیا۔

عالمی عدات کے چیف پراسکیوٹر لیوئس مورینو نے کہا ہے کہ آئیوری کوسٹ کے پرتشدد واقعات کی تحقیقات جاری ہیں اور سب سے پہلے مسٹر باگبو کو عدالت میں پیش کیا جارہا ہے۔