غزہ: اسرائیل کی فضائی کارروائی میں دو ہلاک

اسرائیلی فوج کے مطابق اُس نے غزہ کی پٹی میں پیر کو 16 فضائی حملے کیے۔

فلسطینی عہدیداروں نے کہا ہے کہ پیر کو اسرائیل کے ایک حملے میں غزہ کی پٹی میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق اُس نے غزہ کی پٹی میں پیر کو 16 فضائی حملے کیے اور اہداف میں دو مساجد بھی شامل تھیں۔

آٹھ جولائی کو شروع ہونے والی لڑائی میں اب تک 2100 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں جن میں لگ بھگ 500 بچے بھی بتائے جاتے ہیں۔

لڑائی میں اسرائیل کے 64 فوجی اور چار شہری بھی ہلاک ہوئے۔

اس تازہ فضائی کارروائی سے ایک روز قبل اسرائیل کے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا تھا کہ یہ تنازع ستمبر میں بھی جاری رہ سکتا ہے۔

اُنھوں نے غزہ میں فلسطینوں سے بھی کہا کہ وہ اُن علاقوں سے دور چلے جائیں جہاں حماس کے جنگجو موجود ہیں۔

اسرائیل وزیراعظم نے کہا کہ وہ تمام مقامات جو حماس کے زیر استعمال ہیں اُن کو نشانہ بنایا جائے گا۔

حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے لیے مصر کی کوششوں سے ہونے والے بالواسطہ مذاکرات گزشتہ ہفتے ناکام ہو گئے تھے۔