’’ایران اور شام حزب اللہ کو میزائل فراہم کررہے ہیں‘‘

امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے کہا ہے کہ ایران اور شام حزب اللہ کے جنگجوؤں کو جدید راکٹوں اور میزائلوں سے لیس کر رہے ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ حزب اللہ کے پاس کئی ممالک کی حکومتوں سے زیادہ تعداد میں راکٹ اور میزائل ہیں۔

رابرٹ گیٹس نے یہ بات اسرائیلی وزیر دفاع ایہودبراک کے ساتھ گذشتہ روز پینٹاگون میں ایک نیوز کانفرنس میں کہی۔ اس موقع پر ایہود براک نے کہا کہ شام حزب اللہ کو میزائلوں سمیت دیگر ہتھیاروں سے لیس کرتا رہا ہے جس سے لبنان میں طاقت کا ’ ’نازک توازن“ منتشر ہو سکتا ہے۔ تاہم اُنھوں نے کہا کہ اسرائیل حزب اللہ کے مسلح افرا د کے ساتھ لبنان میں کسی طرح کے تصادم کو بھڑکانے کا منصوبہ نہیں رکھتا۔

اسرائیلی صدر شمون پریزنے حال ہی میں شام پر الزام لگایا تھا کہ اُس نے حزب اللہ کو دور مار سکڈ میزائل بھی دیے جس سے اسرائیل کو خطر ہ ہو سکتا ہے ۔ شام نے ان الزامات کو رد کرتے ہوئے کہا تھا اسرائیل حملہ کرنے کا جوازتلاش کر رہا ہے۔

اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان 2006ء میں لگ بھگ ایک مہینے تک جاری رہنے والی لڑائی میں 1200 لبنانی اور 16 اسرائیلی ہلاک ہو گئے تھے۔ اس لڑائی کے دوران حزب اللہ نے ہزاروں میزائل اسرائیل پر داغے تھے۔

حزب اللہ کو ایران اور شام کی مدد حاصل ہے جب کہ امریکہ اور دیگر کئی ممالک اسے دہشت گردی گرو پ تصو ر کرتے ہیں۔