بالی ووڈ کی کامیاب فلم ’فکرے‘ سے اپنی ایک الگ پہچان بنانے والے بھارتی ایکٹر اشرف الحق انتقال کر گئے۔ ان کا انتقال ممبئی کے ایک اسپتال میں ہوا جہاں وہ کچھ دنوں سے علاج کی غرض سے داخل تھے۔
ان کی عمر 46 سال تھی۔ انہیں پچھلے دو سال سے خون کا خطرناک عارضہ تھا۔
اشرف کے ایک قریبی دوست دولت ویدھ نے بھارت کی سرکاری خبر ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ اشرف نے نیشنل اسکول آف ڈرامہ سے گریجویشن کی ڈگری حاصل کی تھی جبکہ ان کا آبائی شہر آسام تھا۔
اپنی کامیاب فلم ’فکرے‘ میں انہوں نے ایک شرابی کی ایکٹنگ کی تھی جسے دنیا بھر میں سراہا گیا۔ یہ کردار ان کی ایک الگ پہچان بھی بنا۔
ان دنوں بھی ایک مینگو ڈرنک کا اشتہار ان کی پہچان بنا ہوا ہے۔ اشتہار میں انہوں نے ایک دیہاتی شخص کا کردار ادا کیا ہے۔
اشرف الحق نے اپنا کیرئیر تھیٹر میں اداکاری سے شروع کیا تھا۔ انہوں نے رام گوپال بجاج جیسے مشہورو معروف ڈرامہ نگار کے ساتھ بھی کام کیا تھا۔
’فکرے‘ کے علاوہ ’کمپنی‘، ’جنگل‘، ’راون‘، ’دیوار‘ اور ’بلیک فرائیڈے‘ بھی ان کی کامیاب فلمیں تھیں۔
ویدھ کے مطابق ڈاکٹرز نے انہیں بجانے کی ہرممکن کوشش کی ۔تین دنوں تک وینٹی لیٹر پر بھی رکھا لیکن منگل اور بدھ کی درمیانی شب رات ایک بج کر 27 منٹ پر انہوں نے ممبئی کے علاقے اندھیری میں واقع سنیتا اسپتال میں اپنی زندگی کی آخری سانس لی۔