’فرینڈز آف سیریا‘ کی اتوار کو پیرس میں ملاقات متوقع

اس ملاقات کا مقصد شام میں باغیوں کے درمیان موجود آپسی اختلافات کو جینیوا میں رواں ماہ ہونے والے امن مذاکرات سے پہلے ختم کرنے کی ایک کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

امریکی وزیر ِخارجہ جان کیری اتوار کے روز پیرس میں ان ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کریں گے جو شام کے صدر بشارالاسد سے اختلاف رکھنے والوں کی حمایت کرتے ہیں۔

اس ملاقات کا مقصد شام میں باغیوں کے درمیان موجود آپسی اختلافات کو جینیوا میں رواں ماہ ہونے والے امن مذاکرات سے پہلے ختم کرنے کی ایک کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

دوسری جانب شام کے باغیوں کے درمیان اختلافات بڑھتے دکھائی دے رہے ہیں جس کے باعث شام میں جاری خانہ جنگی ختم کرنے اور عبوری حکومت کے قیام کی کوششوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

عراق میں عراقی فوج اور القاعدہ سے منسلک جماعتوں کے درمیان لڑائی سے یہ واضح ہوتا ہے کہ شام کے درمیان آپسی اختلافات طول پکڑ گئے ہیں۔

امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے ایک تھنک ٹینک کیٹو انسٹی ٹیوٹ سے منسلک ڈگ بینڈو کہتے ہیں کہ اگر جینیوا امن مذاکرات سے شام میں عبوری حکومت کا قیام عمل میں نہ لایا جا سکا تو شام مزید تباہی کا شکار ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ شام میں جاری لڑائیوں میں سے چند شدید لڑائیاں باغیوں کے مختلف گروہوں کے درمیان ہو رہی ہیں۔ ان میں سے چند گروپ القاعدہ سے منسلک ہیں۔