امریکہ: ریاست الاباما میں سالگرہ کی تقریب میں فائرنگ سے چار افراد ہلاک، 28 زخمی

حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں میں سے بعض کی حالت نازک ہے۔

امریکہ کی ریاست الاباما کے چھوٹے سے قصبے ڈیڈویلے میں سالگرہ کی تقریب کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد ہلاک اور 28 زخمی ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ہفتے کی شب ساڑھے 10 بجے پیش آیا۔ تاہم حکام نے اتوار کو واقعے سے متعلق نیوز کانفرنس کے دوران بھی واقعے کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں میں سے بعض کی حالت نازک ہے۔

حکام کے مطابق کمیونٹی کے لیے خطرے کی کوئی بات نہیں ہے لیکن انہوں نے سالگرہ کی تقریب میں فائرنگ کرنے والے مشتبہ شخص کی گرفتاری، فرار یا اس کی ہلاکت سے متعلق کوئی تفصیل فراہم نہیں کی۔

الاباما کے قانون نافذ کرنے والے ادارے کے سارجنٹ جیرمی برکٹ کا کہنا ہے " ہم فائرنگ کے واقعے کو ایک طریقہ کار کے تحت دیکھ رہے ہیں اور متاثرہ خاندان کے لیے انصاف کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔"

'رائٹرز 'کے مطابق مقامی اخبار نے رپورٹ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے چار افراد میں ہائی اسکول فٹ بال ٹیم کے کھلاڑی بھی شامل ہیں جن کی 16 سالہ بہن کی سالگرہ کی تقریب جاری تھی جس کے دوران ایک مسلح شخص نے فائرنگ کی۔

سالگرہ کی یہ تقریب ماہوگانے ماسٹرپیس ڈانس اسٹوڈیو کے اندر جاری تھی۔ پولیس نے واقعے کے بعد جائے وقوعہ کی جانب عام پبلک کا جانا بند کر دیا ہے۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔