نیو جرسی: جنگل کی آگ سے آبادی کو خطرہ

فائل

جمعرات کو برکلے نامی قصبے کے نزدیک بھڑک اٹھنے والی آگ تیز ہواؤں کے سبب نصف میل سے زائد علاقے تک پھیل چکی ہے۔
امریکی ریاست نیو جرسی میں حکام جنگل میں بھڑکنے والی آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں جس سے نزدیکی آبادی کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔

حکام کے مطابق جمعرات کو برکلے نامی قصبے کے نزدیک بھڑک اٹھنے والی آگ تیز ہواؤں کے سبب نصف میل سے زائد علاقے تک پھیل چکی ہے جس سے بعض رہائشی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

امدادی اہلکار آگ میں گھر جانے والے گھروں کو محفوظ رکھنے کے لیے اقدامات میں مصروف ہیں۔ حکام کے مطابق آگ کے نتیجے میں بعض گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے لیکن کوئی گھر بھی مکمل طور پر تباہ نہیں ہوا۔

علاقہ پولیس کے مطابق آگ سے متاثرہ علاقے کے نزدیک ہی واقع 'اوشین کاؤنٹی' کے 40 سے زائد گھروں اور کم از کم ایک اسکول کو خالی کرالیا گیا ہے۔

آگ کے باعث علاقے کو گہرے سیاہ دھویں نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور دھویں اور تیز ہواؤں کے سبب علاقہ مکینوں اور آگ بجھانے والے عملے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔