ایف-16 طیارہ مار گرانے کا بھارتی دعویٰ غلط ہے، فارن پالیسی میگزین

فائل فوٹو

امریکہ کے فارن پالیسی میگزین نے پاکستانی ایف 16 طیارے کو مار گرانے کے بھارتی دعوے کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستانی فضائیہ کا ایف-16 طیارہ نہیں گرایا۔ پاکستان نے میگزین کی رپورٹ کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ بھارت اپنے جھوٹے دعوؤں سے پردہ اٹھائے۔

فارن پالیسی میگزین نے پاکستانی ایف 16 طیارے کو مار گرانے کے بھارتی دعوے کو مسترد کردیا ہے۔ میگزین کے مطابق امریکہ کے 2 دفاعی عہدے داروں نے فارن پالیسی میگزین کو دئیے گئے انٹرویو میں بھارتی حکام کے دعویٰ کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کا ایف 16 طیارہ مار گرانے کا صرف دعویٰ کیا تھا۔

پاکستان نے بھارتی دعوے کے بعد امریکہ کو اپنے بیٹرے کے ایف 16 طیارے گننے کی پیشکش کی تھی اور جب امریکی حکام نے پاکستان کے ایف 16 طیارے گنے تو تمام طیارے صیح حالت میں موجود پائے گئے۔

میگزین کے مطابق امریکہ نے تمام ایف 16 طیارے پاکستان کے پاس موجود ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا کوئی بھی ایف 16 طیارہ غائب نہیں۔ پاکستانی ایف 16 طیارے کے متعلق بھارتی دعویٰ مشکوک ہے۔ بھارتی مگ 21 کا ایف 16 کو گرا دینا ناقابل یقین ہے، جب کہ امریکی اہل کار کے مطابق ایف 16 طیارے کسی ملک کے خلاف استعمال نہ کرنے کی کوئی شرط عائد نہیں۔

امریکی تھینک ٹینک ’دی ولسن سینٹر‘ میں ایشیا پروگرام کے اسکالر مائیکل کوگلمین نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ اس رپورٹ کی وجہ سے بھارت کے دو دعوے غلط ثابت ہوئے۔ ایک بالاکوٹ پر فضائی حملہ اور دوسرا ایف سولہ جہاز کا تباہ ہونا۔ اس سے بھارت میں آئندہ دنوں میں ہونے والے انتخابات پر اثر پڑ سکتا ہے۔ مائیکل کوگلمین نے کہا کہ اس رپورٹ سے یہ بھی ثابت ہوا کہ پاکستان پر ایف سولہ کے استعمال پر کوئی پابندی نہیں ہے۔

پاکستانی دفترخارجہ کی بریفنگ کے دوران اس حوالے سے ترجمان ڈاکٹر فیصل سے سوال کیا گیا تاہم انہوں نے اسے تکنیکی معاملہ قرار دے کر جواب دینے سے احتراز کیا۔

ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ بھارت نے 300 افراد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا جو جھوٹ ثابت ہوا۔ ایف سولہ کا معاملہ تکنیکی ہے جس پر آئی ایس پی آر ہی بیان جاری کرے گا۔

ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ بھارت اپنے جھوٹے دعوؤں سے پردہ اٹھائے۔ پاکستانی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اللہ بہت بڑا ہے۔ سچ کبھی نہیں چھپتا۔ بھارت پاکستان کی کارروائی سے ہونے بھاری نقصان سے متعلق عوام کو بتائے۔

دفاعی تجزیہ کار لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کہتے ہیں کہ بھارت نے پہلے تین سو افراد کو ہلاک کرنے کا جھوٹ بولا اور پھر ایف سولہ گرانے کا دعویٰ کیا، لیکن یہ دونوں باتیں جھوٹ ہیں۔

جنرل امجد شعیب نے کہا کہ پاکستان کو بھارت کے جھوٹ کے متعلق پوری دنیا کو بتانا چاہیے کیونکہ بھارت ماضی میں پلوامہ حملہ سمیت ہر معاملے میں پاکستان کا نام لے کر اسے بدنام کرتا رہا ہے۔ اب پاکستان کو بھارتی جھوٹ پوری دنیا کو بتانا چاہیے۔ اس سے عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ بہتر ہو گی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت اپنے عوام کو دوسرے طیارے کے بارے میں بھی بتائے جو پاکستان نے مار گرایا تھا۔ بھارت اپنے جھوٹے دعوؤں کے متعلق اب سچ بولے۔ امن اور ترقی خطے کی ضرورت ہے۔ بھارت کو تمام معاملات بالخصوص بھارت کے زیرنتظام کشمیر میں مبینہ مظالم پر خود احتسابی کی ضرورت ہے۔

اس رپورٹ کی وجہ سے بھارتی انتخابات پر کیا اثر پڑ سکتا ہے، تجزیہ کار لیفٹننٹ جنرل امجد شعیب کا کہنا ہے کہ بھارتی دعویٰ غلط ثابت ہونے سے کوئی زیادہ فرق نہیں پڑے گا کیونکہ نریندر مودی ہندو مذہب کی بنیاد پر ووٹ مانگتے ہیں۔ یہ جھوٹ سامنے آنے کے باوجود نریندر مودی پر زیادہ اثر نہیں پڑے گا۔ ان کے خیال میں مودی ماضی کے مقابلہ میں کم نشستیں حاصل کریں گے لیکن وہ انتخابات جیتنے کی پوزیشن میں ہیں۔

اس رپورٹ پر اب تک بھارت کا کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ نئی دہلی میں بھارتی دفترخارجہ کے حکام نے کچھ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اپنے موقف پر قائم ہے۔ تاہم بھارتی حکام نے خبر پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔

دوسری جانب بھارت کے خبررساں ادارے اے این آئی کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی ایئر فورس کے ذرائع کے مطابق پاکستان ایئر فورس کی پکڑی جانے والی ایک ریڈیو کمیونی کیشن سے بھی یہ تصدیق ہوئی تھی کہ 27 فروری کو بھارت پر حملے کے لیے آنے والے ایف -16 طیاروں میں سے ایک اپنے ایئر بیس پر واپس نہیں پہنچا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران 27 فروری کو پاکستان نے دو بھارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے ایک پائلٹ ابھی نندن کو بھی گرفتار کیا تھا جسے چند روز کے بعد بھارت واپس بھجوا دیا گیا۔ جب کہ بھارت نے پاکستان کا ایک ایف سولہ طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔