امریکہ کی خاتون اول ملانیا ٹرمپ اپنے پہلے بیرونی دورے کے دوران جس میں صدر ٹرمپ ان کے ہمراہ نہیں ہوں گے، کھیلوں کی ایک بین الاقوامی تقریب میں شرکت کریں گی۔
ہفتہ کو ٹورنٹو میں ایک روزہ دورے کے دوران وہ برطانیہ کے شاہی خاندان کے افراد سے بھی ملاقات کریں گی۔
اس موقع پر خاتون اول ملانیا ٹرمپ پہلی بار برطانیہ کے شہزادہ ہیری سے ملاقات کریں گی جنہوں نے 2014ء میں 'انوکٹس گیمز' کی بنیاد رکھی تھی۔
وہ کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈیو سے بھی ملاقات کریں گی اور وہ پیرا اولمپک طرز پر ہونے والے کھیلوں کے مقابلے میں شرکت کرنے والے لگ بھگ ایک سو امریکی کھلاڑیوں کے لیے ہونے والی ایک استقبالیہ تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔
خاتوان اول ان کھیلوں کے مقابلوں کی ہفتہ کو ہونے والی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گی۔ ان کھیلوں کے مقابلوں میں معذور فوجی جوان اور خواتین حصہ لیتی ہیں۔
مسز ٹرمپ کی ترجمان اسٹفینی گرشہیم نے کہا کہ خاتون اول کا ایک وفد کے ہمراہ اس تقریب میں شرکت کرنا ان کی طرف سے امریکی فوج کی قربانی، محنت اور جرات کے لیے انتہائی احترام کا اظہار ہے۔ ان کے وفد میں ویٹرن افیرز کے سیکرٹری ڈیوڈ شلکن اور انٹرٹینر وائین نیوٹن بھی شامل ہیں۔
گرشہیم نے کہا کہ " وہ شدت سے محسوس کرتی ہیں کہ ان (اہلکاروں) اور ان کے خاندان کی ہر روز عزت افزائی کی جانی چاہیے۔ "
گرشہیم نے مزید کہا کہ مسز ٹرمپ "خدمات سرانجام دینے کے دوران زخمی ہونے والوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں کھیلوں کے کردار کو اہم سمجھتی ہیں۔"
گزشتہ ہفتے امریکہ کی ائیر فورس کی 70 ویں سالگرہ کی ایک تقریب کے موقع پر خاتون اول نے فوج کے ان ارکان کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے حالیہ سمندری طوفان سے متاثر ہونے والے ہزاروں افراد کی مدد کی۔ اس طوفان نے امریکہ کے جنوبی علاقے اور جزائر غَربُ الہِند کو متاثر کیا۔
مسز ٹرمپ اپنے نئی ذمہ داریوں سے آہستہ آہستہ عہدہ برا ہونا شروع کر دیا ہے اور وہ رواں سال اب تک صدر ٹرمپ کے تین غیر ملکی دوروں کے دوران ان کے ہمراہ تھیں۔