فیفا ورلڈ کپ: آٹھ گروپس میں کون سی ٹیم کس کے مدِمقابل ہو گی؟

فٹ بال کے عالمی کپ کے آغاز میں ایک دن باقی ہے۔ اتوار کو خلیجی ملک قطر میں فیفا ورلڈ کپ 2022 کی افتتاحی تقریب کے ساتھ ہی ایونٹ کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا۔

ایونٹ کے افتتاحی میچ میں میزبان قطر اور ایکواڈور مدِ مقابل ہوں گے۔ لگ بھگ ایک ماہ تک جاری رہنے والے اس ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 32 ٹیمیں شریک ہیں۔

ان ٹیموں کو آٹھ گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر گروپ میں چار ٹیمیں شامل ہیں۔

گروپ اے : قطر، ایکواڈور، سینیگال اور نیدرلینڈز

گروپ بی : انگلینڈ، ایران، امریکہ اور ویلز

گروپ سی: ارجنٹائن، سعودی عرب، میکسیکو اور پولینڈ

گروپ ڈی: فرانس، ڈنمارک، تنزانیہ، آسٹریلیا

گروپ ای : اسپین، جرمنی، جاپان اور کوسٹا ریکا

گروپ ایف : بیلجیم، کینیڈا، مراکش، کروشیا

گروپ جی: برازیل، سربیا، سوئٹزرلینڈ، کیمرون

گروپ ایچ : پرتگال، گھانا، یوروگوائے اور کوریا

یہ 32 ٹیمیں 20 نومبر سے تین دسمبر تک گروپ میچز کھیلیں گی جس کے بعد ہر گروپ میں سے دو ٹاپ ٹیمیں اگلے مرحلے یعنی گروپ 16 کے لیے کوالیفائی کرجائیں گی۔

ایونٹ میں دفاعی چیمپئن فرانس ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ فرانس کی ٹیم اپنے پہلے میچ میں 23 نومبر کو آسٹریلیا کے خلاف میدان میں اترے گی۔

SEE ALSO: قطر: فٹبال ورلڈ کپ کے دوران شراب کی فروخت پر پابندی عائد

ایونٹ کے دوسرے مرحلے کا آغاز تین دسمبر سے ہو گا جہاں 16 ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر آٹھ میچ کھیلے جائیں گے جس کے بعد ایونٹ کے کوارٹر فائنل کا آغاز ہوگا۔

کوارٹر فائنل میں ایونٹ کی آٹھ بہترین ٹیمیں ٹائٹل کے لیے مدِمقابل ہوں گی جن میں سے چار ٹیمیں سیمی فائنل میں 14 اور 15 دسمبر کو ٹکرائیں گی۔

ایونٹ کا فائنل 18 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔

قطر فیفا ورلڈ کپ کی خاص بات یہ ہے کہ اس ایونٹ کا انعقاد سردیوں میں کیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل فٹ بال کا یہ میلہ مئی، جون یا جولائی کے درمیان منعقد کیا جاتا تھا۔

تاہم قطر کے اس پہلے بڑے ایونٹ کے لیے خلیجی ملک کی جانب سے خصوصی تیاریاں کی گئی ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق ورلڈ کپ کے دوران دس لاکھ کھیلوں کے شائقین اور سیاح قطر کا رُخ کریں گے۔