اداکار فیروز خان شوبز انڈسٹری سے کنارہ کش: 'میر ہادی کو ہدایت مل گئی'

فیروز خان (فائل فوٹو)

پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان نے شوبز سے کنارہ کشی کا اعلان کیا ہے۔ وہ اب ڈراموں میں کام کرنے کے بجائے دین کی تبلیغ کا ارادہ رکھتے ہیں۔

فیروز خان نے شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان جمعے کو اپنے ٹوئٹ کے ذریعے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے پرستار میرے بیان کا انتظار کر رہے تھے۔ میں اعلان کرتا ہوں کہ میں نے شوبز انڈسٹری چھوڑ دی ہے۔

فیروز خان نے کہا کہ میں اس پلیٹ فارم کے ذریعے اب صرف اسلام کی تعلیمات کے لیے کام کروں گا اور اپنی خدمات اسی مقصد کے لیے وقف کروں گا۔ انہوں نے اپنے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ ان کے لیے دعا کریں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل حال ہی میں معروف اداکار حمزہ علی عباسی بھی شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہہ چکے ہیں۔ حمزہ علی عباسی نے بھی دینی مقاصد کی خاطر شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی کی تھی۔

علاوہ ازیں سابق گلوکارہ رابی پیرزادہ بھی اپنی کچھ نامناسب ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہہ چکی ہیں۔ رابی پیرزادہ بھی دینی تعلیمات کی جانب راغب ہیں۔

فیروز خان کے کچھ مداح ان کے شوبز انڈسٹری چھوڑنے کے فیصلے کا خیر مقدم کر رہے ہیں جب کہ بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ فیروز خان کو یہ فیصلہ نہیں کرنا چاہیے تھا۔

فیروز خان کے ایک مداح نے ٹوئٹر پر ان کے بیان کے جواب میں لکھا کہ میر ہادی کو ہدایت مل گئی۔ خیال رہے کہ فیروز خان اپنے ایک مشہور ڈرامے 'خانی' میں 'میر ہادی' کا کردار ادا کر چکے ہیں جسے خاصی پذیرائی ملی تھی۔

جاسمین مغل نامی ایک ٹوئٹر صارف کا کہنا تھا کہ حمزہ عباسی کے بعد فیروز خان بھی اپنے عروج کے وقت اللّه کی راہ پر، اللّه آپ کو کامیابی عطا فرمائے۔

فیروز خان کے ایک مداح نے ان کے اس فیصلے کو سراہا تو اس کے جواب میں ایک ٹوئٹر صارف ثنا خان نے لکھا کہ یہ انڈسٹری کا نقصان ہے اور آپ اس پر فخر کر رہے ہیں۔ وہ صوفی یا درویش بننے کے بجائے اچھے پروجیکٹس پر اپنا کام جاری رکھ سکتے تھے۔

ڈاکٹر عائشہ نامی صارف نے فیروز خان کے پیغام کے جواب میں ٹوئٹر پر لکھا کہ میں نہیں سمجھتی کہ آپ کو میڈیا انڈسٹری چھوڑنی چاہیے۔ آپ فلمیں اور ڈرامے بنا کر لوگوں کو اچھی چیزوں کی ترغیب دے سکتے ہیں۔ آپ بہت قابل ہیں اور آپ کو کام جاری رکھنا چاہیے۔