پاکستان کی وفاقی حکومت نے حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس کیس دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کو تفتیش نئے سرے سے شروع کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حدیبیہ کا مقدمہ شریف خاندان کی کرپشن کا سب سے اہم سرا ہے جو طریقہ حدیبیہ میں پیسے باہر بھیجنے کے لیے استعمال ہوا اسی کو بعد میں ہر کیس میں اپنایا گیا۔
دو دہائیوں سے جاری اس اہم کیس کے حوالے سے شریف خاندان اور ہر حکومت کے درمیان تنازع رہا ہے۔
حدیبیہ پیپر ملز کیس کیا ہے اور اس کی ابتداء کیسے ہوئی؟1. حدیبیہ پیپرملز کیس تقریباً 1242 ملین روپے کے فراڈ کی کہانی ہے جو بلحاظ حجم پانامہ پیپرز کیس سے بڑی ہے اور جس کی ابتداء سن 2000 میں اس وقت ہوئی جب نیب حکام نے حدیبیہ پیپرز کیخلاف ایک ریفرنس دائر کیا۔
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) May 11, 2021
حدیبیہ کیس کے بارے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق سینیٹر پروزیر رشید کہتے ہیں کہ حدیبیہ پیپرز ملز کے مقدمات، جنہیں اعلیٰ ترین عدالتیں بھی دفن کر چکی تھیں، اُنہیں زندہ کرنے کی کوشش اس بات کی گواہی ہے کہ ناکامیوں کے بوجھ کو انتقامی کارروائیوں کے پیچھے چھپانے کی روش جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو پھنسانے کے لیے اس کے بعد تو صرف ہابیل قابیل قتل مقدمہ ہی باقی بچتا ہے۔
ریفرنس میں ہے کیا؟
حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس مبینہ طور پر منی لانڈرنگ اور کرپشن کے پیسے کو چھپانے اور بیرون ملک لے جانے کے حوالے سے کیس ہے۔
حکومت کے مطابق حدیبیہ پیپر ملز کیس ایک ارب 24 کروڑ 20 لاکھ روپے کا معاملہ ہے۔ اس کیس میں الزام عائد کیا جاتا ہے کہ سابق وفاقی وزیرِ خزانہ اور مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنما اسحٰق ڈار نے شریف خاندان کی معاونت کے لیے بیرونی کرنسی کے جعلی بے نامی اکاؤنٹس کھلوائے۔
نواز شریف اور ان کے دونوں بیٹے حسن نواز اور حسین نواز، بھائی سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز، انتقال کر جانے والے ان کے والد میاں شریف، والدہ بیگم شمیم اور بھائی عباس شریف کے نام بھی شامل ہیں۔
سال 1999 میں نواز شریف کی حکومت کے خاتمے اور فوج کے سربراہ جنرل پرویز مشرف کے برسرِ اقتدار آنے کے بعد اس وقت کی حکومت نے شریف خاندان کے اثاثوں کی جانچ پڑتال شروع کی۔
نو کروڑ کی کمپنی، 80 کروڑ کا خسارہ، 64 کروڑ کی سرمایہ کاری
حدیبیہ پیپر ملز پرائیویٹ لمیٹڈ کے ریکارڈ کی پڑتال کے دوران نیب اسلام آباد کو معلوم ہوا کہ 97-1996 اور 98-1997 کے دوران کمپنی کے کھاتوں میں بالترتیب تین کروڑ چار لاکھ 99 ہزار روپے اور 61 کروڑ 22 لاکھ 73 ہزار روپے بطور شیئر ڈپازٹ ظاہر کیے گئے ہیں۔
کمپنی جس کا اس سرمایہ کاری سے قبل حجم محض نو کروڑ 57 لاکھ اور مجموعی خسارہ 80 کروڑ 93 لاکھ 34 ہزار روپے تھا۔ اس میں اتنی بھاری رقم کی آمد نے تفتیش کاروں کو متوجہ کیا۔ لہذا نیب نے 1999 کے نیب آرڈیننس کے تحت معاملے کی پڑتال کا حکم دیا۔
وہ کمپنی جس کا اس سرمایہ کاری سے قبل حجم محض 95.7 ملین اور مجموعی خسارہ 809.834 ملین روپے تھا، میں اتنی بھاری رقوم کی آمد نے تحقیق کاروں کو تشویش میں مبتلا کر دیا چنانچہ نیب نے 1999 کے نیب آرڈیننس کے تحت معاملے کی پڑتال کے احکامات صادر کردیے۔
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) May 11, 2021
کئی افراد شاملِ تفتیش
اس بارے میں مختلف افراد کو شامل تفتیش کیا گیا اور جب اس وقت کے وزیرِ خزانہ اسحٰق ڈار سے تفتیتش کی گئی۔ تو انہوں نے جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے شریف خاندان کے لیے ایک کروڑ 48 لاکھ ڈالر کے لگ بھگ رقم کی مبینہ منی لانڈرنگ کا اعتراف کیا اور وعدہ معاف گواہ بن گئے۔
پکڑے جانے پر اسحاق ڈار وعدہ معاف گواہ بنے اور انہوں نے متعلقہ حکام کو اپنا تفصیلی بیان بھی ریکارڈ کروایا مگر بعد میں یہ کہہ کر کہ ان سے یہ بیان زبردستی لیا گیا، اپنے بیان سے منحرف ہوگئے۔ اس فراڈ کیلئے بہت ہی زبردست طریقہ اختیار کیا گیا!
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) May 11, 2021
جیل سے باہر آنے کے کچھ عرصے بعد اسحٰق ڈار اپنے اس بیان سے منحرف ہو گئے اور ان کا مؤقف تھا کہ یہ بیان انہوں نے دباؤ میں آ کر دیا تھا۔ لیکن یہ بیان ہی اس ریفرنس کی بنیاد بنا۔
پیپلز پارٹی کی حکومت میں ریفرنس پر کارروائی کی کوشش
اس کیس پر تحقیقات جاری تھیں کہ اس دوران نواز شریف کے جنرل پرویز مشرف کی حکومت سے معاہدے کے تحت سعودی عرب چلے جانے پر کیس رک گیا۔
کئی برس تک کسی نے حدیبیہ پیپر ملز کیس کا نام بھی نہ لیا۔ تاہم سال 2011 میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی حکومت نے ایک بار پھر اس کیس کو کھولنے کا فیصلہ کیا اور نیب نے ریفرنس کو کھلوانے کے لیے لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ سے رابطہ کیا ۔ راولپنڈی بینچ نے اکتوبر 2011 میں نیب کو اس ریفرینس پر مزید کارروائی سے روک دیا تھا۔
سال 2014 میں لاہور ہائی کورٹ نے یہ ریفرنس خارج کرتے ہوئے اپنے حکم میں کہا تھا کہ نیب کے پاس ملزمان کے خلاف ثبوتوں کا فقدان ہے۔
پانامہ لیکس کی آمد
ہائی کورٹ سے کیس ختم ہو جانے کے بعد نیب نے اس کیس کو سپریم کورٹ میں چیلنج نہیں کیا اور کئی برس سے تک یہ کیس منظر سے غائب رہا۔ بعد ازاں پانامہ کیس منظر عام پر آنے کے بعد سال 2017 میں نیب نے سپریم کورٹ سے اس کیس میں مزید تحقیقات کے لیے رجوع کیا۔
نیب کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کے معاملے کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ کی روشنی میں نئے حقائق سامنے آئے ہیں۔ اس لیے ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے قومی احتساب بیورو کو اس کیس کی تحقیقات کا حکم دیا جائے۔
سپریم کورٹ میں نیب کی درخواست مسترد
جس وقت یہ درخواست دائر کی گئی اس وقت عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا وقت ختم ہو چکا تھا جس کی وجہ سے عدالت نے نیب کی دائر کردہ درخواست زائد المعیاد ہونے پر مسترد کر دی۔
سپریم کورٹ کے جج جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں قائم بینچ میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل بھی شامل تھے۔
اس عدالتی فیصلے کے خلاف نیب نے نظرِ ثانی اپیل دائر کی۔ البتہ وہ بھی عدالت نے کچھ سماعتوں کے بعد اکتوبر 2018 میں مسترد کر دی تھی۔
دوران سماعت جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا کہ نیب نے 1229 دن بعد اپیل دائر کی۔ زائد المیعاد ہونے پر اپیل خارج کی گئی۔
حکومت کا مؤقف
موجودہ حکومت ایک بار پھر اس کیس کو کھولنا چاہ رہی ہے۔
وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کہتے ہیں کہ اس کیس میں نیب نے یہ بھی نشاندہی کی کہ مذکورہ واردات کے ذریعے شریف خاندان کے نامزد افراد نے منی لانڈرنگ اور اثاثے چھپانے جیسے گناہ ہی نہیں کیے۔ بلکہ یہ بہت سے ریاستی و حکومتی اداروں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے بھی مرتکب ہوئے ہیں۔
دلچسپ بات یہ تھی کہ اتنی تفصیلی تفتیش کے بعد اس کیس کا ایک دن بھی عدالتی ٹرائل نہیں ہوا، جس جج نے کیس بند کرنے کا فیصلہ دیا پانامہ اسکینڈل میں انکشاف ہوا کہ ان جج صاحب کے اپنے اثاثے بھی بیرون ملک تھے، بدقسمتی سے ان جج صاحب کے خلاف بھی کوئ کاروائ نہیں ہوئ۔
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) May 11, 2021
ان کا کہنا تھا کہ مشرف دور میں جب یہ معاملہ احتساب عدالت کے روبرو آیا۔ کیس کے دوران ہی شریف خاندان نے مشرف حکومت کے ساتھ ڈیل کی اور سعودی عرب چلے گئے۔
ان کے مطابق سال 09-2008 میں معاملہ دوبارہ اٹھایا گیا۔ لیکن پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے مک مکا نے کیس کو پھر رکوا دیا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ دلچسپ بات یہ تھی کہ اتنی تفصیلی تفتیش کے بعد اس کیس کا ایک دن بھی عدالتی ٹرائل نہیں ہوا جس جج نے کیس بند کرنے کا فیصلہ کیا، بقول ان کے پانامہ اسکینڈل میں انکشاف ہوا کہ اس جج کے اپنے اثاثے بھی بیرون ملک تھے۔ بد قسمتی سے اس جج کے خلاف بھی کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔
اس مقدمے میں اب کچھ نئے حقائق بھی سامنے آئے ہیں جن پر نئ تفتیش کا فیصلہ کیا گیا ہے امید ہے عدلیہ ان ججوں پر بھی کاروائ کرے گی جنہوں نے شریف فیملی کی معاونت کی، انصاف کا تقاضا ہے کہ تمام ادارے اپنا کردار ادا کریں، پاکستان کا مستقبل قانون کی حکمرانی سے وابستہ ہے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) May 11, 2021
وفاقی وزیر نے کہا کہ اس مقدمے میں اب کچھ نئے حقائق بھی سامنے آئے ہیں جن پر نئی تفتیش کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ امید ہے عدلیہ ان ججوں کے خلاف بھی کارروائی کرے گی جنہوں نے بقول ان کے شریف خاندان کی معاونت کی۔ انصاف کا تقاضہ ہے کہ تمام ادارے اپنا کردار ادا کریں۔