فیس بک نے دعویٰ کیا ہے کہ فیس بک انٹرنیٹ استعمال کرنے والے امریکیوں کی سب سے مقبول ویب سائٹ بن چکی ہے۔ انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کے اعدادوشمار سے متعلق ایک ادارے Experian Hitwise کے مطابق13 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے میں امریکہ میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں میں سے 7.07 فی صد لوگ اس ویب سائٹ پر آئے اس دوران گوگل کی ویب سائٹ وزٹ کرنے والوں کی شرح 7.03 فی صد تھی۔ ادارے کے مطابق 2009 ء میں اسی ہفتے کے مقابلے میں فیس بک پر آنے والوں کی تعداد 185 فی صد تک بڑھ گئی۔
اس سےپہلے بھی فیس بک انٹرنیٹ پر سوشل نیٹ ورکنگ کی سب سے بڑی ویب سائٹ تھی، لیکن ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ 13تاریخ کو ختم ہونے والے پورے ہفتے کے دوران اس سائٹ پر آنےوالوں کی تعداد سب سے زیادہ رہی۔ پچھلے سال کرسمس کی چھٹیوں میں، کرسمس کے دن اور سال نو کے پہلے روز فیس بک پر وزٹ کرنے والوں کی تعداد گوگل کے سوشل نیٹ ورک میں ہٹ کرنے والوں سے زیادہ تھی۔
فیس بک کےسوشل نیٹ ورک پرچھ اور سات مارچ کے اختتام ہفتہ کے دوران بھی وزٹ کرنے والے امریکیوں کی تعداد سب سے زیادہ رہی۔ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ایسا کیوں ہوا لیکن ایک ممکنہ وجہ ہوسکتی ہے چھٹیوں کے دنوں میں لوگ پورے ملک اور دنیا بھر میں اپنے عزیزوں، دوستوں اور پیاروں کے ساتھ رابطے کرنا چاہتے ہیں۔
گوگل دوسرے سوشل نیٹ ورکس کی ویب سائٹس کی مقبولیت کا مقابلہ اپنے سوشل نیٹ ورک سائٹ ’گوگل بز (Google Buzz) کے ذریعے کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ گوگل بز جی میل ان باکس کے ذریعے معلومات کا تبادلہ کرنے کی غرض سے قائم کی جانے والی سروس ہے۔ تاہم گوگل کو اپنی اس ویب سائٹ کے چلانے میں پرائیویسی جیسے کچھ مسائل کا سامنا ہے،جن پر اسے بعض حلقوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا ہے۔ لیکن یہ ابھی واضح نہیں ہوا کہ آیا جی میل استعمال کرنے والے افراد دوسرے سماجی نیٹ ورکس کے مقابلے میں بز کو زیادہ استعمال کررہے ہیں۔
اگرچہ فیس بک پر بھی پرائیویسی کے مسائل موجود ہیں لیکن پھر بھی اس نیٹ ورک پر آنے والوں کی تعداد دن بدن بڑھ رہی ہے اور اب دنیا بھر میں اسے چار کروڑ سے زیادہ افراد استعمال کررہے ہیں۔ فیس بک اپنی سائن ان سروس Facebook Connect وجہ سے بھی ویب کا لازمی حصہ بننا شروع ہوگئی ہے۔ اس سروس کی مدد سے لوگ صرف ایک کلک کے ذریعے اپنے دوستوں اور حلقے کی ویب سائٹس کا بھی وزٹ کرسکتے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق فیس بک اگلے مہینے سے اپنی ایک نئی سروس شروع کررہی ہے جس کی مدد سے لوگ اپنے دوستوں اور عزیزوں کی location سے بھی آگاہ ہوسکیں گے۔
فیس بک کی حالیہ مقبولیت کے باوجود اب بھی کئی حلقے اس بارے میں شک و شبہے کا اظہار کررہے ہیں کہ آیا وہ گوگل کو مستقل بنیاد پر پیچھے چھوڑ سکتی ہے؟ فیس بک امریکہ میں ممکن ہے کہ مقبول ترین سوشل نیٹ ورکنگ کی ویب سائٹ ہو، لیکن اس بارے میں ابھی بھی وثوق سے نہیں کہاجاسکتا کہ یہ کسی مرحلے پرمعلومات کے اہم ذریعے کے طورپر گوگل کی جگہ لے سکے گی۔ کم ازکم ابھی تک تو ایسا ممکن نظر نہیں آتا۔