فیس بک نے جمعرات کے روز کہا ہے کہ اس نے روس میں کھولے جانے والے سینکڑوں فیس بک پیج اور گروپ اکاؤنٹس بند کر دیے ہیں جن کے متعلق شبہ ہے کہ وہ جعلی تھے۔
فیس بک کی سائبر سیکورٹی پالیسی کے سربراہ نیتھانیئل گلیچر نے اپنے ایک بلاگ میں کہا ہے کہ انہوں نے دو الگ الگ کارروائیوں میں روس سے چلائے جانے والے ان اکاؤنٹس کا کھوج لگایا۔ ان میں کچھ مشرقی یورپ کے ملکوں میں سرگرم تھے اور کچھ کا ہدف یوکرین تھا۔
خبررساں ادارے روئیٹرز نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ فیس بک کمپنی نے تقریباً 364 فیس بک پیج اور اکاؤنٹس بند کر دیے ہیں جو ایک روسی نیٹ ورک کے ذریعے چلائے جا رہے تھے اور انہیں بالٹک سمندر کے ملکوں، وسطی ایشیا، وسطی اور مشرقی یورپ میں استعمال کیا جا رہا تھا۔
کمپنی کا مزید کہنا تھا کہ ان اکاؤنٹس کا تعلق روس کے ایک خبررساں ادارے سپوٹنک سے تھا۔
فیس بک کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکہ کے نفاذ قانون کے اہل کاروں کے ایک دورے کی بنیاد پر اس نے الگ سے فیس بک کے 107 پیج، گروپ اور اکاؤنٹس اور 41 انسٹا گرام اکاؤنٹس بند کر دیے ہیں جنہیں ابتدائی طور پر روس اور یوکرین سے چلایا جا رہا تھا۔
فیس بک کو پچھلے دو سال کے دوران انتہاپسندی اور پراپیگنڈے پر مبنی مواد کو روکنے کا نظام تیار کرنے میں سستی پر نکتہ چینی کا سامنا رہا ہے۔