ترکی: بم دھماکے میں 7 افراد ہلاک، متعدد زخمی

گورنر آفس نے دھماکے میں کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا ہے۔

ترکی کے صوبہ دیار باقر میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے کے نتیجے میں سات افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق صوبہ دیار باقر کے گورنر آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دھماکہ جمعرات کی شام ضلع 'کلپ' میں ہوا۔

دھماکے میں 7 افراد ہلاک اور 10 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ جب کہ گورنر آفس نے دھماکے میں کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا ہے۔

یاد رہے کہ ترک صوبہ دیار باقر میں پہلے بھی دہشت گردی کے متعدد واقعات رونما ہوچکے ہیں۔

ترکی نے کردستان ورکرز پارٹی کو دہشت گرد تنظیم قرار دے رکھا ہے اور اس کے سربراہ عبداللہ اوکلان جیل میں قید ہیں۔

گزشتہ ماہ ترکی میں کردستان ورکرز پارٹی سے رابطوں کے شبے میں تین میئرز کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا تھا جب کہ کردش پارٹی کے حامیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 400 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔

ترک صدر رجب طیب ایردوان نے 2015 میں مبینہ طور پر جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی پر کرد باغیوں کے خلاف سخت مؤقف اختیار کیا تھا۔