روس پر پابندیوں میں توسیع کی جائے گی: یورپی یونین

یورپی یونین کی قرارداد کے مسودے میں مزید کہا گیا ہے کہ، ’گذشتہ برس مارچ میں روس پر عائد کردہ پابندیوں کو اب ستمبر 2015ء تک توسیع دی جائے گی‘

یورپی یونین کا کہنا ہے کہ گذشتہ برس مارچ میں رُوس پر کریمیا کے الحاق کے بعد عائد کردہ پابندیوں میں مزید چھ ماہ کی توسیع کی جائے گی۔

یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے لیے مرتب کردہ مسودے میں روس پر مزید چھ ماہ کے لیے کڑی پابندیاں عائد کرنے کے حوالے سے تفصیلات طے کی گئی ہیں اور اس کی رُو سے بہت سے رُوسی افراد پر پابندیاں لگائی جانے کے ساتھ ساتھ مزید اقدامات بھی کیے جائیں گے۔

یورپی یونین کے وزرائے خارجہ ہنگامی طور پر جمعرات کے روز برسلز میں ملاقات کریں گے جہاں روس نواز باغیوں کی جانب سے مشرقی یوکرین میں تازہ جھڑپوں پر گفت و شنید ہوگی۔

اس حوالے سے جاری کردہ مسودے کے مطابق، ’دگرگوں ہوتی ہوئی صورتحال کے پیش ِنظر، کونسل اس بات پر متفق ہوئی ہے کہ یوکرین کے تشخص اور سلامتی کے لیے خطرہ ثابت ہونے والے روس پر مزید کڑی پابندیاں عائد کی جائیں‘۔

قرارداد کے مسودے میں مزید کہا گیا ہے کہ، ’گذشتہ برس مارچ میں روس پر عائد کردہ پابندیوں کو اب ستمبر 2015ء تک توسیع دی جائے گی‘۔

مسو دہ قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ، ’کونسل زمین پر جاری صورتحال کا بغور جائزہ لیتی رہے گی اور اس کے مطابق اقدامات اٹھائے گی‘۔

گذشتہ برس 17 مارچ کو یورپین کونسل نے روس کے 21 حکام پر ویزے کی پابندیاں اور ان کے اثاثے یہ کہتے ہوئے منجمند کر دئیے تھے کہ انہوں نے کریمیا کے روس کے ساتھ الحاق میں کردار ادا کیا ہے۔