یورپی یونین نے کہا ہے کہ چھ عالمی طاقتوں اور ایران کے درمیان جوہری مذاکرات آئندہ ہفتے ویانا میں دوبارہ شروع ہو رہے ہیں۔
حکام کے مطابق یورپی یونین اور ایران کے مصالحت کار 12 مئی کو ملاقات کریں گے۔ برطانیہ، چین، فرانس، جرمنی، روس اور امریکہ کے عہدیداران 15 مئی کو مذاکرات میں شرکت کریں گے۔
فریقین گزشتہ ماہ معاہدے سے متعلق حکمت عملی پر متفق ہو گئے اور اب وہ 30 جون تک حتمی معاہدے کی جزیات پر کام کریں گے۔
ایران کو یورینیم کی افژودگی کے پروگرام میں اس حد تک کمی کرنا ہوگی جس سے وہ جوہری بم نہ بنا سکے۔ اس کے عوض اس پر عائد بین الاقوامی تعزیرات ہٹا دی جائیں گے۔
ابھی اس معاملے پر بھی کام ہونا باقی ہے کہ یہ پابندیاں کتنی جلدی ہٹائی جائیں۔ ایران کا اصرار ہے کہ حتمی معاہدہ ہوتے ہوئے یہ تعزیرات ختم کر دی جائیں۔
مغربی ملک باور کرتے آئے ہیں کہ ایران اپنے جوہری پروگرام کو ہتھیار بنانے کے لیے استعمال کر رہا ہے جب کہ تہران کا کہنا ہے کہ اس کا یہ پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے۔