مصر کےلیے امریکی امداد کا جائزہ لیا جائے گا: وائٹ ہاؤس

رابرٹ گِبز

امریکہ نے کہا ہے کہ اِس وقت رونما ہونے والے اور آئندہ کے واقعات کی بنیاد پر امریکہ، مصر کے ساتھ اپنی امداد ی پالیسی کا نئے سرے سے جائزہ لے گا۔

وائٹ ہاؤس ترجمان رابرٹ گبز نے یہ بات رپورٹروں کو بریفنگ میں کہی۔ اُن کے بقول، وہاں کی صورتِ حال نازک اور بدلتی ہوئی معلوم دیتی ہے اور مصر کی حکومت شدت اختیار کرنے والے مظاہروں کو کچلنے کی کوشش کر رہی ہے۔

گبز نے کہا کہ امریکہ صورتِ حال کا جائزہ لے رہا ہے اور وقوع پذیر ہونے والےحالات کی بنا پر اپنی امداد کے معاملے پر نظرِ ثانی کرے گا۔

امریکہ، مصر کو مشرق وسطیٰ میں ایک کلیدی اتحادی اور اسرائیل فلسطین امن مذاکرات کے لیے ایک اہم بروکر سمجھتا ہے۔

مصر کو امریکہ سے ملنے والی فوجی امداد کی مالیت 1.3 ارب ڈالر سالانہ ہے۔ علاوہ ازیں، امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی 1975ء سے لے کر اب تک مصر کو معاشی اور ترقیاتی مدوں میں 28ارب ڈالر کی رقم فراہم کرچکا ہے۔