شوبز راؤنڈ اپ: پاکستانی فلم کامیاب، سلمان خان کا ڈبل رول

شوبزنس کی دنیا میں پاکستانی انٹرٹینمنٹ کا رول ’ڈبل ‘ہو رہا ہے۔ ڈرامہ انڈسٹری تو پہلے ہی لاجواب ہے، اب ماہرین کو توقع ہے کہ فلم انڈسٹری کے بھی اچھے دن قریب ہیں۔ پیش ہے انٹرٹینمنٹ کی دنیا سے جڑی خبریں۔۔۔۔
شوبزنس کی دنیا میں پاکستانی انٹرٹینمنٹ کا رول ’ڈبل ‘ہورہا ہے۔ ڈرامہ انڈسٹری تو پہلے ہی لاجواب ہے، اب ماہرین کو توقع ہے کہ فلم انڈسٹری کے بھی اچھے دن قریب ہیں۔ پیش ہے انٹرٹینمنٹ کی دنیا سے جڑی خبریں۔۔۔۔

پاکستانی فلم ”جوش“ کامیاب ہوگئی
اس عید پر جن پاکستانی فلموں نے سلور اسکرین پرزور دار اینٹری دی ہے ان میں ”جوش“ کا نام سرفہرست ہے ۔ فلم نے کامیابی کے نئے جھنڈے گاڑ دیئے ہیں۔ عید کی تمام چھٹیوں میں اور رواں ہفتے بھی فلم ہر جگہ ”ہاوٴس فل“ لے رہی ہے۔ اس کامیابی کو دیکھتے ہوئے انڈسٹری سے جڑے لوگوں کا کہنا ”لگتا ہے ’لالی ووڈ انڈسٹری‘ کے بھی اچھے دن قریب ہیں۔“

” جوش“ پانچ دوستوں کی کہانی ہے جن کا عزم ہے جاگیردارانہ نظام کا خاتمہ۔ اپنے مقصد میں وہ کس حدتک کامیاب ہوتے ہیں، یہی اس فلم کی بنیاد ہے۔ جوش کے بارے میں ہم آپ کو یہ بھی بتاتے چلیں کہ ریلیز سے پہلے یہ فلم ممبئی فلم فیسٹول میں دکھائی جاچکی ہے اور کسی پاکستانی فلم کو اتنی پذیرائی غالباً پہلی مرتبہ حاصل ہوئی ہے۔

فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والوں میں آمنہ شیخ، محب مرزا، نائلہ جعفری، نوین وقار اور خالد احمد شامل ہیں۔

سلمان خان 16سال بعد پھر ڈبل رول میں نظر آئیں گے
برجاٹیہ فلمز کا نام تو آپ نے سنا ہی ہوگا۔ ارے بھئی یہ وہی فلمی بینر ہے جس نے ”میں نے پیار کیا “، ”ہم ساتھ ساتھ ہیں“ اور ”ہم آپ کے ہیں کون “ جیسی بڑی بڑی فلمیں بنائی ہیں۔ سلمان خان کو شہرت دلانے میں بھی اسی بینر نے بہت بڑا کردار ادا کیا ہے۔ تقریباً16سال بعد اب پھر سلمان خان اسی بینرکے تلے بننے والی فلم ”بڑے بھیا“ میں ڈبل رول اداکریں گے ۔

سلمان خان نے ڈیوڈدھون کی 1997ء میں بننے والی فلم ”جڑواں“ میں ڈبل رول ادا کیا تھا۔ انہی کی اداکاری کی بدولت فلم سپرہٹ ہوئی تھی۔ بھارتی الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا میں خبریں گرم ہیں کہ اب سورج برجاٹیہ دبنگ خان کو دوبارہ ڈبل رول میں لارہے ہیں اپنی نئی فلم ”بڑے بھیا“ میں ۔

چونکہ برجاٹیہ بھارت کا ایک بڑا فلمی بینر ہے لہذا ابھی سے لوگوں نے یہ امیدیں باندھ لی ہیں کہ سلمان خان ”بڑے بھیا“ بن کر نیا دھمال ڈالیں گے۔۔ لیکن آگے کیا ہوگا یہ آنے والا وقت ہی بتا سکے گا۔

سائنس فکشن فلم ”اباؤٹ ٹائم“ریلیز کے لئے تیار
سائنس فکشن پر مبنی برطانوی فلم ”اباوٴٹ ٹائم“ اگلے مہینے یعنی چار ستمبر کو ریلیز ہونے جارہی ہے۔ پریمیئر شو میں شریک فلم کے رائٹر اور ڈائریکٹر رچرڈ کرٹس نے یہ کہہ کر اپنے مداحوں کو اداس کردیا ہے کہ وہ اس فلم کے بعد ڈائریکشن کو خیرباد کہہ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ لکھنا بند نہیں کریں گے لیکن ڈائریکشن سے ان کا اب کوئی واسطہ نہیں رہے گا۔

فلم ”اباؤٹ ٹائم “کی کہانی ایک نوجوان ڈوم ہال گلیسن کے گرد گھومتی ہے۔ ڈوم کو اس کے والد بتاتے ہیں کہ اس کے خاندان میں ایک غیر مرئی قوت ہے جس کی بدولت وہ ماضی میں جا کر اپنی غلطیوں کو سدھار سکتے ہیں۔ اس آگاہی نے ڈوم کی زندگی میں ایک نیا کرشمہ کردکھایا اور وہ کچھ ہو گیا جس کا بس آپ تصور ہی کرسکتے ہیں۔

’ستیہ گرہ‘ کسی سے متاثر ہوکر نہیں بنائی گئی، اجے دیوگن
بالی وُوڈ کے ایکشن ہیرو اجے دیوگن کا کہنا ہے کہ ان کی آنے والی فلم ”ستیہ گرہ“ آج کے نوجوانوں کو ذہن میں رکھ کر تیار کی گئی ہے۔ فلم کا بھارتی سماجی کارکن اناہزاے یا کسی اور تحریک سے اس کا کوئی واسطہ نہیں۔

ایک بھارتی ویب سائٹ ”گلیم شیم“ کے مطابق ممبئی میں ”ستیہ گرہ“ کی پروموشن کے دوران اجے دیوگن نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ فلم کے ابتدائی ٹریلرز دیکھ کر اکثر لوگوں کا یہ خیال تھا کہ فلم 2011 میں چلائی جانے والی اناہزارے کی تحریک سے متاثر ہوکر بنائی گئی لیکن فلم کے ہدایتکار پرکاش جھا نے فلم کو اس سے ہٹ کر تیار کیا ہے۔

فلم ”ستیہ گرہ“ کی کاسٹ میں امیتابھ بچن،اجے دیوگن منوج باجپائی ،ارجن رام پال، کرینہ کپور اور امرتا راؤ جیسے بڑے فنکار شامل ہیں۔ فلم 30 اگست کو سینما گھروں کی زینت بننے جارہی ہے۔

اسٹیو جابز کی زندگی پر بننے والی فلم ” جابز“ 16 اگست کو ریلیز ہوگی
دنیا بھر میں مشہور امریکی کمپیوٹر کمپنی ” ایپل“ کے بانی اسٹیو جابز کی زندگی پر مبنی فلم ”جابز“ 16 اگست کو ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ ٹیکنالوجی کی دنیا میں تہلکہ مچانے والے اسٹیو جابز کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یہ فلم بہترین تحفہ قرار دی جارہی ہے۔

کامیابیوں کے سفر میں شوہر کا ہاتھ ہے، بشریٰ انصاری
پاکستانی ٹی وی کی ہر دل عزیز اداکارہ بشریٰ انصاری کا کہنا ہے کہ ان کی کامیابیوں کے سفر میں ان کے شوہر کا بڑا ہاتھ رہا ہے۔ وہی کہتی ہیں” میری خوش قسمتی ہے کہ میرے پرستار شروع سے آج تک میری پرفارمنس کو پسند کرتے رہے ہیں ۔ میری کوشش بھی یہی ہوتی ہے کہ بہتر سے بہتر کام کر سکوں ۔“

مقامی میڈیا کو دیئے گئے اپنے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے ذاتی طور پر سنجیدہ کردار پسند ہیں لیکن لوگ مجھے مزاحیہ کرداروں میں دیکھنا پسند کرتے ہیں۔ آج بھی لوگوں کو ایک ٹی وی شو میں ادا کیا گیا میرا ”بجلی“ کا کردار یاد ہے ۔“

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جتنا زوال فلم انڈسٹری پر آیا ہے اس سے کہیں زیادہ عروج ڈرامہ انڈسٹری کو حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ فلم انڈسٹری بھی دوبارہ اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔