ایشز سیریز: انگلینڈ کی ایک وکٹ سے جیت، سیریز 1-1 سے برابر

انگلینڈ کے بیٹسمین بین سٹوکس جیتنے کے بعد خوشی کا اظہار کر رہے ہیں

ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میں آج اتوار کے روز بین سٹوکس کی شاندار سنچری کی بدولت انگلینڈ نے آسٹریلیا کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔ یوں یہ سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی ہے۔

اس سے قبل پہلا ٹیسٹ آسٹریلیا نے جیتا جبکہ دوسرا ٹیسٹ ہارجیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا تھا۔

آسٹریلیا نے پہلی اننگ میں 179 رنز بنائے تھے جس میں لیبرشین کے 74 اور وارنر کے 61 رنز شامل تھے۔ انگلینڈ کی طرف سے تیز بالر آرچر نے 45 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔

تاہم اس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگ میں آسٹریلیا کے ہیزل ووڈ کی شاندار بالنگ کے باعث صرف 67 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔ ڈینلی 12 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ ہیزل ووڈ نے 30 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ پیٹ کمنز نے 3 اور پیٹیسن نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

آسٹریلیا نے 112 رنز کی سبقت کے ساتھ دوسری اننگ شروع کی اور پوری ٹیم 246 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ آسٹریلیا کی طرف سے لیبر شین نے مسلسل دوسری اننگ میں بھی نصف سنچری بنائی۔ وہ 80 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ ویڈ نے 33، ہیڈ نے 25 ، خواجہ نے 23 ، پیٹنسن نے 20 اور اوپنر ہیرس نے 19 رنز کی اننگ کھیلی۔

یوں انگلینڈ کو یہ ٹیسٹ جیتنے کیلئے 359 رنز کا مشکل ہدف ملا۔ لیکن انگلینڈ کی ٹیم نے دوسری اننگ میں 9 وکٹوں پر 362 رنز بنا کر آسٹریلیا کو شکست سے دو چار کر دیا اور یوں یہ ٹیسٹ ایک وکٹ سے جیت کر پانچ ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ انگلینڈ کی جیت میں بین سٹوکس کی شاندار سنچری کا نمایاں کردار رہا۔ وہ 135 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کے علاوہ روٹس نے 77 اور ڈینلی نے 50 رنز بنائے۔ بین سٹوکس کو مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔

چوتھی اننگ میں جیت کیلئے 362 رنز انگلینڈ کی طرف سے ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ سکور ہے۔

میچ کے بعد انگلینڈ کے کپتان جو روٹس نے کہا کہ یہ ان کیلئے ناقابل یقین فتح ہے جسے الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔