الیکشن کمیشن سندھ کی جانب سے 65 افسران کے تبادلے

تبادلوں کے لئے الیکشن کمیشن نے جمعرات کو باقاعدہ احکامات جاری کئے۔ تبادلہ کئے گئے بیورکریٹس میں سندھ کے چیف سیکریٹری اور سیکریٹری داخلہ بھی شامل ہیں
الیکشن کمیشن نے سندھ سے تعلق رکھنے والے 65بیورکریٹس کے تبادلے کردیئے ہیں۔

تبادلوں کے لئے الیکشن کمیشن نے جمعرات کو باقاعدہ احکامات جاری کئے۔ تبادلہ کئے گئے بیورکریٹس میں سندھ کے چیف سیکریٹری اور سیکریٹری داخلہ بھی شامل ہیں۔


الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 2 اپریل کو وفاقی اور صوبائی نگراں حکومتوں کو تمام جانبدار افسران کی تبدیلی کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔ تاہم، اس پر کوئی عمل نہیں ہوا۔

اعلامیے کے مطابق سندھ بھر سے 65 افسران کےخلاف متعدد اور مسلسل شکایات موصول ہو رہی تھیں اس لئے ان افسران کو فوری تبدیل کر نے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

تبادلہ ہونے والے افسران میں سندھ کے چیف سیکریٹری، ایڈیشنل چیف سیکریٹری، ہوم سیکریٹری ، نگراں وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری، سٹی کمشنرز، سیکریٹری تعلیم، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ، سیکریٹری ایس اینڈ جی بھی شامل ہیں جبکہ دیگر افسران میں ڈی سی جامشورو، ڈی آئی جی لاڑکانہ، ڈی سی جیکب آباد، جامشورو، کشمور، مٹیاری، میرپورخاص کے ایس ایس پی ، نوشہروفیروز، نواب شاہ، شکارپور، ٹنڈواللہ یاراور تھرپارکر کے ایس ایس پیز کے علاوہ 2 ایس پی، 2 ڈی ایس پی اور 4 ایس ایچ اوز شامل ہیں۔