امریکی صدارتی انتخاب 2024؛ نقشہ کیا بتاتا ہے؟ 

  • صدارتی انتخاب کے دوران امریکہ کی مختلف ریاستوں کے نتائج اس نقشے کی مدد سے معلوم کیے جا سکتے ہیں۔
  • امریکہ کی صدارت کا فیصلہ پاپولر ووٹ یعنی براہِ راست عوام کے دیے گئے ووٹوں سے نہیں ہوتا۔ صدر کا انتخاب ایک خاص نظام کے ذریعے ہوتا ہے جس کے دو مراحل ہیں۔
  • امریکہ کی 50 ریاستوں اور دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے لیے الیکٹورل ووٹ مقرر کیے گئے ہیں۔
  • امریکہ کی ریاستوں میں سب سے زیادہ الیکٹورل ووٹ کیلی فورنیا کے ہیں جن کی تعداد 54 ہے۔

وائس آف امریکہ کی ارود سروس کے ذریعے ہم آپ کو امریکہ کے صدارتی الیکشن کی تازہ ترین صورتِ حال سے آگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ اس سلسلے میں ہماری ویب سائٹ پر انتخابات سے متعلق امریکہ کا نقشہ موجود ہے۔

امریکہ کے اس نقشے میں تمام ریاستوں کی حدود اور ان کے ناموں کا دو حرفی مخفف دیا گیا ہے۔ مثال کے طور پر ’سی اے‘ سے مراد کیلی فورنیا ہے اور ’وی اے‘ سے مراد ورجینیا ہے۔

صدارتی انتخاب کے دوران امریکہ کی مختلف ریاستوں کے نتائج اس نقشے کی مدد سے معلوم کیے جا سکتے ہیں۔ بلکہ اس کے ساتھ ساتھ یہ معلومات بھی موجود ہیں کہ کونسی سی ریاست میں الیکٹورل ووٹوں کی تعداد کتنی ہے اور ماضی میں ان ریاستوں نے کس جماعت کے حق میں اپنا فیصلہ سنایا تھا۔

امریکہ کی صدارت کا فیصلہ پاپولر ووٹ یعنی براہِ راست عوام کے دیے گئے ووٹوں سے نہیں ہوتا۔ صدر کا انتخاب ایک خاص نظام کے ذریعے ہوتا ہے جس کے دو مراحل ہیں۔

پہلے مرحلے میں رائے دہندگان اپنی اپنی ریاستوں کے مندوبین یا الیکٹورلز کا انتخاب کرتے ہیں۔ اس نظام کے تحت ریاست کی سطح پر ڈالے گئے ووٹوں کے بعد الیکٹورل کالج تشکیل پاتا ہے جس میں شامل مندوبین صدر کو منتخب کرتے ہیں۔

امریکہ کی 50 ریاستوں اور دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے لیے الیکٹورل ووٹ مقرر کیے گئے ہیں۔ مجموعی الیکٹورل ووٹس کی تعداد 538 ہے جو ہر ریاست کو اس کی آبادی کے اعتبار سے دیے گئے ہیں۔ اس مجموعی تعداد میں سے 270 الیکٹورل ووٹس حاصل کرنے والا امیدوار امریکہ کا صدر منتخب ہو جاتا ہے۔

وائس آف امریکہ کی ویب سائٹ پر موجود امریکہ کے نقشے میں امریکی ریاستوں اور دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے الیکٹورل ووٹ درج ہیں۔

اگر آپ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ ٹیکساس کے الیکٹرول ووٹ کتنے ہیں۔ تو ٹیکساس پر کلک کرنے سے آپ کو یہ معلوم ہو جائے گا کہ اس ریاست کے موجودہ مجموعی الیکٹورل ووٹ 40 ہیں اور 1992 سے لے کر 2020 تک اس ریاست میں ری پبلکنز جماعت کامیابی حاصل کرتی آ رہی ہے۔

کیلی فورنیا کو نقشے پر کیسے تلاش کیا جائے؟

نقشے پر امریکی کی مغربی ساحلی پٹی یعنی ویسٹ کوسٹ پر انگریزی حروف CA درج ہے۔ جیسے ہی آپ اس پر کلک کریں گے ریاست کیلی فورنیا کی تفصیلات سامنے آ جائیں گی۔ ​

امریکہ کی ریاستوں میں سب سے زیادہ الیکٹورل ووٹ اسی ریاست کے پاس ہیں جن کی تعداد 54 ہے۔

جیسے جیسے مختلف ریاستوں میں نتائج کا اعلان ہو گا، اس نقشے پر موجود وہ ریاستیں سرخ یا نیلے رنگ کی ہو جائیں گی۔

امریکہ میں 2024 کے صدارتی الیکشن کے لیے ڈیموکریٹ پارٹی کی امیدوار نائب صدر کاملا ہیرس ہیں جب کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ہیں۔

سرخ رنگ ری پبلکن جماعت کو ظاہر کرتا ہے جب کہ نیلا رنگ ڈیمو کریٹس کا ہے۔ اس لیے جیسے جیسے نتائج آتے جائیں گے ویسے ویسے نقشہ دو رنگوں میں تقسیم ہوتا جائے گا۔

اس نقشے کے ذریعے امریکی انتخابات میں دونوں صدارتی امیدواروں کی پوزیشن کا پتا لگایا جا سکتا ہے۔