پاکستان الیکشن کمیشن نے رواں سال ہونے والے عام انتخاب کے نتائج کے بارے میں فوری طور پر موبائل فون کے ذریعے الیکشن کمیشن اور ریٹرنگ آفیسرز کو مطلع کرنے کے لیے موبائل فون ایپ متعارف کروانے کے لیے قومی ادارے 'نادار' کے ساتھ ایک دستاویز پر دستخط کیے ہیں۔
اس دستاویز کے تحت نادار الیکشن کمیشن کو موبائل فون کے ذریعے متعلقہ عہدیدار وں اور الیکشن کمیشن تک انتخابی نتائج پہنچانے کے لیے موبائل فون ایپ کی تیاری میں تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔
الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق 2018ء کے عام انتخابات کے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے مختلف حلقوں کے پریزائڈنگ آفیسرز، ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج موبائل فون کے ذریعے فوری طور پر ریٹرنگ آفیسرز اور الیکشن کمیشن کو ارسال کر دیں گے۔
بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن تجرباتی بنیادوں پر قبل ازیں ہونے والے چار ضمنی انتخاب کے نتائج مرتب کرنے کے لیے کامیابی کے ساتھ یہ موبائل فون ایپ استعمال کر چکا ہے۔
پاکستان میں ماضی کے انتخابات کے نتائج مرتب کرنے میں کاٖفی تاخیر کی وجہ سے انتخابی نتائج کی شفافیت سے متعلق سوالات اٹھائے جاتے رہے ہیں۔
اگرچہ پاکستان الیکشن کمیشن کے عہدیداوں کا موقف رہا ہے کہ انتخابات کی شفاشت کو یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور ماضی میں بھی اس سلسلے میں بھر پور کوشش کی جاتی رہی ہیں۔
الیکشن کمیشن کے سابق سیکرٹری کنور دلشاد نے بدھ کو وائس آف امریکہ سے گفتگو میں الیکشن کمیشن کے طرف سے نتائج کی فراہمی کے لیے موبائل فون ایپ کے استعمال کو سراہتے ہوئے کہا کہ موبائل فون ٹیکنالوجی کے استعمال سے نتائج کی شفاف اور جلد ترسیل کو ممکن بنانا آسان ہوجائے گا۔