پاکستان کے مختلف علاقوں میں عید الاضحیٰ منائی گئی

ملک کے دیگر حصوں میں سرکاری طور پر عید پیر کو منائی جارہی ہے اور چھ اکتوبر سے آٹھ اکتوبر تک ملک میں عام تعطیل ہوگی۔

پاکستان کے شمال مغرب میں مختلف علاقوں میں اتوار کو عید الاضحیٰ منائی گئی جبکہ ملک میں سرکاری طور پر عید پیر کو منانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

صوبہ خیبر پختونخواہ کے مرکزی شہر پشاور کے مختلف علاقوں سمیت دیگر شہروں اور قبائلی علاقوں میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے اور لوگوں نے جانور قربان کیے۔

شمال مغربی حصے میں کئی دہائیوں سے یہ روایت چلی آرہی ہے کہ یہاں ملک کے دیگر علاقوں سے ایک روز پہلے ہی عید منائی جاتی ہے اور ہمیشہ عیدالفطر اور عید الضحیٰ کے موقع پر ملک میں عید کی تاریخ پر اختلاف رائے ہی پایا جاتا رہا ہے۔

پشاور کے علاوہ مردان، چارسدہ، ہنگو اور کئی دیگر علاقوں میں اتوار کو عید کا پہلا روز ہے۔ خیبر پختونخواہ سے ملحقہ قبائلی علاقوں میں بھی عید کا پہلا دن تھا۔

شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے خیبر پختونخواہ کے بندوبستی علاقوں میں عارضی طور پر قیام پذیر بے گھر افراد نے بھی اتوار ہی کو عید الاضحیٰ منائی۔

پڑوسی ملک افغانستان میں ہفتہ کو عید منائی گئی تھی اور پاکستان میں لاکھوں افغان پناہ گزینوں نے بھی اسی روز یہ مذہبی تہوار منایا۔

ملک کے دیگر حصوں میں سرکاری طور پر عید پیر کو منائی جارہی ہے اور چھ اکتوبر سے آٹھ اکتوبر تک ملک میں عام تعطیل ہوگی۔