مصر: فائرنگ سے چھ فوجی افسر ہلاک

فائل فوٹو

فوج کا الزام ہے کہ اس حملے میں برطرف صدر محمد مرسی کی جماعت اخوان المسلمین ملوث ہے۔
مصر میں نامعلوم مسلح افراد نے فوج کی ایک چوکی پر فائرنگ کر کے کم از کم چھ افسران کو ہلاک کر دیا۔

حکام کے مطابق یہ حملہ دارالحکومت قاہرہ کے مضافات میں ہفتہ کی صبح کیا گیا۔

ایک سینیئر عہدیدار نے مصر کے سرکاری ٹیلی ویژن کو بتایا کہ چوکی سے دو بم بھی برآمد ہوئے جنہیں ناکارہ بنا دیا گیا۔ فوج کا الزام ہے کہ اس حملے میں برطرف صدر محمد مرسی کی جماعت اخوان المسلمین ملوث ہے۔

تاہم اخوان المسلمین کی جانب سے فوری طور پر اس پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

گزشتہ سال جولائی میں فوج کی طرف سے محمد مرسی کی حکومت کے خاتمے کے بعد ملک میں جنگجوؤں نے کئی حملے کیے جن میں لگ بھگ 300 سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔

بعض مبصرین اس خدشے کا اظہار کر رہے ہیں کہ آئندہ آنے والے مہینوں میں جب ملک میں صدارتی انتخابات ہونے ہیں، ایسے حملوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عبد الفتح السیسی نے انتخابات میں حصہ لینے کا واضح اشارہ دیا ہے اور اُن کی جیت بھی متوقع ہے۔