مصر: مظاہروں میں تین ہلاک

تین جولائی کو فوج کی طرف سے محمد مرسی کو عہدہ صدارت سے برطرف کیے جانے کے بعد سے ہونے والے مظاہروں اور جھڑپوں میں کم ازکم 99 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
مصر میں برطرف کیے جانے والےصدر محمد مرسی کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان جمعہ کو ہونے والی جھڑپوں میں ہلاکتوں کی تعداد تین ہو گئی ہے۔

منصورہ کے علاقے میں ہونے والی ان ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے وزارت صحت کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ ان میں دو خواتین اور ایک 13 سالہ لڑکا شامل ہے جب کہ ایک شخص کی حالت تشو یشناک ہے۔

تین جولائی کو فوج کی طرف سے محمد مرسی کو عہدہ صدارت سے برطرف کیے جانے کے بعد سے ہونے والے مظاہروں اور جھڑپوں میں کم ازکم 99 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

فوج نے مظاہرین کو پرامن رہنے کا انتباہ کر رکھا ہے اور ناخوشگوار صورتحال پر قابو پانے کے لیے اقدامات کر رکھے ہیں۔

صبح اور شام کے وقت آٹھ لڑاکا طیارے فضاؤں میں اڑتے دکھائی دیتے ہیں جب کہ ہیلی کاپٹروں کی دو ٹکڑیاں بھی مصری پرچم کے ہمراہ پرواز کرتی ہیں۔

ہفتہ کی صبح قاہرہ میں تحریر اسکوائر پر جمع ہونے والے مرسی کے حامیوں پر فوجی ہیلی کاپٹروں سے مصری پرچم بھی گرائے جاتے رہے۔

مرسی کے حامیوں نے قاہرہ اور اسکندریہ کے علاوہ کئی شہروں میں بڑے مظاہروں کے لیے جمع ہونا شروع کردیا ہے۔