مصر: انتخابات کا دوسرا مرحلہ شروع

مصر: انتخابات کا دوسرا مرحلہ شروع

مصر میں پارلیمانی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ اس سے قبل پہلے مرحلے میں اسلامی جماعتوں کو اکثریت حاصل رہی تھی۔

ملک کے نو علاقوں بشمول اسوان، بنی سیوف، غزا، اسماعیلیہ، سوئز اور شوانگ میں بدھ کو پولنگ کا آغاز ہوا۔

پولنگ جمعرات تک جاری رہے گی جس میں پارلیمان کے ایوان زیریں کی 498 نسشتوں کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے۔ انتخابات کا تیسرا مرحلہ باقی ماندہ نو صوبوں میں جنوری میں منعقد ہوگا۔

سابق صدر حسنی مبارک کے تین دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط اقتدار کا احتجاجی تحریک کے نتیجے میں خاتمے کے بعد پہلی بار پارلیمانی انتخابات ہورہے ہیں۔

مصر کے ایوان بالا کے لیے انتخابات جنوری کے اواخر میں شروع ہوں گے جو مارچ تک جاری رہیں گے۔ اس کے بعد پارلیمان ملک کا نیا آئین تحریر کرے گی۔