مصر: مرسی کے خلاف مقدمے کا آغاز نومبر میں ہو گا

مسٹر مرسی کے علاوہ ان کی جماعت اخوان المسلمین کے 14 ارکان بھی عدالت میں پیش ہوں گے۔
مصر کے بر طرف کیے جانے والے صدر محمد مرسی پر تشدد کو ہوا دینے اور قتل کے الزامات کے تحت آئندہ ماہ مقدمہ چلایا جائے گا۔

ایک عدالت نے بدھ کو کہا ہے کہ مقدمے کی کارروائی چار نومبر سے شروع کی جائے گی۔

مسٹر مرسی کے علاوہ ان کی جماعت اخوان المسلمین کے 14 ارکان بھی عدالت میں پیش ہوں گے۔

گزشتہ سال کے اواخر میں اخوان المسلمین کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان قاہرہ میں جھڑپیں ہوئی تھیں جن میں حکام کے مطابق سات افراد ہلاک ہوئے۔

رواں سال جولائی میں محمد مرسی کو برطرف کیے جانے کے بعد سے سکیورٹی فورسز نے اخوان المسلمین کے متعدد رہنماؤں کو بھی حراست میں لیا جب کہ اس جماعت کے خلاف چھاپہ مار کارروائیاں بھی کی جاتی رہی ہیں۔

جولائی کے اس اقدام کے بعد ملک میں ہونے والے مظاہروں اور جھڑپوں میں ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔