مصر: عدالت کا چار ٹی وی چینلز کی نشریات بند کرنے کا حکم

عدالتی حکم میں اخوان المسلمین کے ’احرار 25‘ کے علاوہ اسلامی القدس اور ال یرموک بھی اُن چار ٹی وی چینلز میں شامل ہیں جن پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
مصر کی ایک عدالت نے چار ٹی وی چینلز کی نشریات روکنے کا حکم دیا ہے، ان میں اخوان المسلیمن کے ایک چینل کے علاوہ الجریزہ ٹی وی کا مقامی ٹی وی چینل بھی شامل ہے۔

منگل کو جاری ہونے والے عدالتی حکم میں اخوان المسلمین کے ’احرار 25‘ کے علاوہ اسلامی القدس اور ال یرموک بھی اُن چار ٹی وی چینلز میں شامل ہیں جن پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

مصری حکام کا الزام ہے کہ الجزیرہ کا چینل ’مبشر مسر‘ محمد مرسی کی برطرفی سے متعلق تعصب پر مبنی خبریں نشر کر رہا ہے۔

گزشتہ ہفتے مصر کی تین وزارتوں نے ایک بیان جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ یہ چینل ’افواہیں‘ پھیلا رہا ہے جو مصر کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔

وزراء کا کہنا تھا کہ یہ ٹی وی نیٹ ضروری لائنس اور اجازت نامے کے بغیر ہی کام کر رہا ہے۔