پاکستان نے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز کے جواب میں دو وکٹوں کے نقصان پر34 رنز بنائے ہیں۔
دبئی میں نیوزی لینڈ نے منگل کو اپنے پہلے روز کے اسکور243 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ اننگز شروع کی۔
لیتھم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 137 رنز بنائے اور نمایاں بلے باز رہے جب کہ میکلم 43، واٹلنگ 39 اور کریگ 43 رنز اسکور کر سکے۔
نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 403 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے ذوالفقار بابر نے چار، احسان عادل اور یاسر شاہ نے دو، دو جب کہ اظہر علی اور راحت علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے جب 403 رنز کے تعاقب میں اپنی بیٹنگ شروع کی تو اُسے 32 رنز کے مجموعی اسکور پر دو وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔ سوڈھی نے شان مسعود کو کلین بولڈ کیا جب کہ وکٹ کیپر واٹلنگ نے کریگ کی گیند پر توفیق عمر کو اسٹمپ آؤٹ کیا۔
دوسرے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو یونس خان ایک اور اظہر علی چار رنز پر کھیل رہے تھے۔
اس میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جو بالکل درست ثابت ہوا تھا۔
پاکستانی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں ہیں، احمد شہزاد اور محمد حفیظ زخمی ہونے کے باعث ٹیم میں شامل نہیں ہیں جب کہ فاسٹ باؤلر عمران خان کی جگہ احسان عادل کو شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان نے احمد شہزاد اور محمد حفیظ کی جگہ توفیق عمر اور شان مسعود کو ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں فتح حاصل کر کے سیریز میں ایک، صفر سے برتری حاصل کر رکھی ہے۔