کراچی: سردی کی آمد، ’ڈرائی فروٹ‘ کی قیمتوں میں اضافہ

دکاندار کا کہنا تھا کہ خشک میوے جات کی قیمتوں میں اضافے کی ایک وجہ پاکستانی کرنسی کی قدر و قیمت میں بھی کمی ہے جسکے باعث غیر ممالک سے برآمدگی کے حساب سے ملکی قیمت پر بھی اثر پڑتا ہے تو قیمت خودبخود بڑھ جاتی ہے
پاکستان کے ساحلی شہر 'کراچی' میں جہاں ٹھنڈی ہواؤں نے ڈیرے ڈال لئے ہیں، وہیں سردی میں اضافے کے ساتھ ہی 'خشک میوہ جات' کی مانگ میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ شہر کے مختلف بازاروں میں شہریوں کی بڑی تعداد خشک میوہ جات کی خرید میں مصروف دکھائی دیتی ہے۔

پاکستان میں جہاں ہر چیز کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں وہیں اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ خشک میوہ جات کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرتی دکھائی دیتی ہیں۔ گذشتہ برس کی نسبت خشک میوہ جات یعنی 'ڈرائی فروٹ' کی قیمت میں بے پناہ اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔

کراچی کے مشہور قدیم بازار 'ایمپریس مارکیٹ' کے ایک دکاندار نے وائس آف امریکہ کی نمائندہ سے گفتگو میں بتایا کہ، ’اس سال ہر میوے پر دو سو سے، تین سو روپے قیمت کا اضافہ ہوا ہے‘۔

دکاندار نے بتایا کہ 'چلغوزہ' ایسا ڈرائی فروٹ ہے جو پاکستان میں پیدا ہوتا ہے مگردوسرے ممالک میں 'برآمد' کر دیا جاتا ہے۔

کراچی: خشک میوہ جات دکان میں فروخت کیلئے رکھے ہیں



اس وقت چلغوزے کی قیمت دو ہزار روپے کلو ہے جسکے باعث اسکی اندرون ملک میں قیمت ایکسپورٹ قیمت کے مطابق رکھی جاتی ہے۔


ایک اور دکاندار کا کہنا تھا کہ خشک میوہ جات کی قیمتوں میں اضافے کی ایک وجہ پاکستانی کرنسی کی قدر و قیمت میں بھی کمی ہے جسکے باعث غیر ممالک سے برآمدگی کے حساب سے ملکی قیمت پر بھی اثر پڑتا ہے تو قیمت خودبخود بڑھ جاتی ہے۔

مونگ بھلی خریدنے آنےوالے ایک شہری نے وی او اے سے تبادلہ خیال میں کہا ہے کہ، ’مہنگے میوے کھانا اب عام آدمی کے بس کی بات نہیں رہی۔

جب ان کی قیمت ہزاروں روپے فی کلو ہو تو غریب صرف چند سو روپے کلو والی مونگ پھلیوں سے کام چلانے پر مجبور ہو جاتا ہے‘۔

ایک اور شہری کا کہنا تھا کہ، ’مہنگائی کے باعث خشک میوے کی خرید میں کمی نوٹ کی گئی ہے۔

کراچی

جبکہ بہت سی مارکیٹوں میں من مانے ریٹ بھی چل رہے ہیں جب تک حکومتی اداروں میں کرپشن ختم نہیں ہوگی کسی بھی چیز کی قیمت نیچے نہیں آئےگی‘۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ خشک میوہ جات کی قیمتوں میں اضافے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ اسے بیرون ممالک ایران افغانستان، امریکہ اور دیگر ممالک سے برآمد کیاجاتا ہے جبکہ ڈالر کی قیمت میں اضافہ بھی قیمتوں میں اضافے کی ایک بڑی وجہ ہے۔

کراچی کی مختلف مارکیٹوں میں خشک میوہ جات میں اس وقت چلغوزہ کی قیمت دو ہزار روپے فی کلو،

کراچی

پستہ چھبیس سو روپے، بادام بارہ سو روپے، اور کاجو ہزار روپے، اخروٹ پانچ سو روپے اور مونگ پھلی دو سو روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہورہاہے۔

ایک جانب جہاں ہر چیز قیمت میں اضافہ کے باعث عام آدمی کی قوت ِ خرید میں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے تو غریبوں کیلئے سردیوں کی ٹھنڈی راتوں میں خشک میوہ جات سے لطف اندوزہونا اب غریب طبقے کے بس کی بات نہیں رہی۔