سمندری طوفان ڈورین جو جزائر بہامس میں تباہی مچانے کے بعد امریکہ کے ساحلی علاقوں کی طرف بڑھ رہا تھا، اس کی شدت میں کمی آ گئی ہے۔
جمعے کی صبح جب ڈورین نارتھ اور ساؤتھ کیرولائنا کے ساحلی علاقوں سے ٹکرایا تو اس کی شدت کیٹیگری 4 سے گر کر کیٹیگری ون رہ گئی تھی۔
تاہم طوفانی ہواؤں سے ساحلی علاقوں تیز بارشیں ہو رہی ہیں اور جھکڑ چل رہے ہیں جس سے نارتھ اور ساؤتھ کیرولائنا کے ساحلی علاقوں کی سڑکیں زیر آب آ گئی ہیں اور کئی علاقوں میں سیلابوں کی صورت حال ہے۔
جمعے کی صبح جب ڈورین بحر اوقیانوس سے گزرتا ہوا، نارتھ کیرولائنا کے علاقے کیپ ہیٹریس سے ٹکرایا تو اس میں شامل ہواؤں کی رفتار 150 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔
سمندری طوفانوں پر نظر رکھنے والے امریکہ کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ ڈورین کا مرکز اگلے چند گھنٹوں کے دوران نارتھ کیرولائنا کے ساحلی علاقوں یا اس کے قریب سے گزرے گا۔
نیشنل ہیری کین سینٹر نے مزید کہا ہے کہ اس کے بعد ڈورین آج رات یا ہفتے کی صبح انتہائی جنوب مشرق میں واقع نیو انگلیڈ پہنچ جائے گا۔
نیشنل ہیری کین سینٹر نے خبردار کیا ہے کہ ڈورین نارتھ کیرولائنا اور ورجینیا کے ساحلی علاقوں میں تباہی پھیلا سکتا ہے کیونکہ شدید بارشیں اور تیز ہوائیں اس کے ساتھ چل رہی ہیں جو زندگیوں اور املاک کے لیے خطرناک ہو سکتی ہیں۔
دوسری جانب بہامس میں، جہاں ڈورین زبردست تباہیاں پھیلانے کے بعد اب امریکہ کے ساحلی علاقوں میں پہنچ چکا ہے، لوگ اپنے روزمرہ کے معمولات کی طرف لوٹ رہے ہیں اور نقصانات سے نمٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
بہامس میں ڈورین کیٹیگری فائیو کا طوفان تھا جسے انتہائی شدید تصور کیا جاتا ہے۔ بہامس میں ہلاک ہونے والوں کی تعدا بڑھ کر 30 ہو گئی ہے۔