فلمی پردے پر نظر آنے والی کئی فلموں میں بے شک رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون ایک نہ ہوسکے ہوں، لیکن ’ریئل لائف‘ میں آخرِ کار چھ سال بعد دونوں ایک دوسرے کے ہوگئے ہیں اور دونوں کی شادی انجام پاگئی ہے۔
اس شادی کی خاص بات یہ ہے کہ دونوں فنکار دو مرتبہ شادی کریں گے۔ رنویر سنگھ سکھ مت سے تعلق رکھتے ہیں لہذا ان کے عقیدے کے مطابق دونوں جمعرات کو دوبارہ شادی کے بندھن میں بندھیں گے جسے آنند کاراج کہا جاتا ہے۔
دپیکا پڈکون کا تعلق ساؤتھ انڈیا کے روایتی گھرانے ’کوکنی‘ سے ہے اور اسی لیے ان کی خواہش پر ان کے خاندانی و مذہبی رسم و رواج کے مطابق شادی کے لیے بدھ کا دن چنا گیا تھا۔
نئے نویلے جوڑے نے بدھ کو اٹلی کے مشہور مقام ’لیک کومو‘ کے ساحل پر واقع ایک ولا میں شادی کی رسم ادا کی اور وہ بھی نہایت سادہ تقریب میں۔
دونوں نے ہمیشہ ساتھ نبھانے کا وعدہ کرتے ہوئے ایک دوسرے کو انگوٹھیاں پہنائیں۔ اس سے قبل مہندی اور سنگیت کی رسمیں منگل کو ادا کی گئی تھیں۔
’انڈو ایشین نیوز سروس‘ کے مطابق تقریب میں تقریباً 40 افراد کو مدعو کیا گیا تھا۔ یہ وہ لوگ تھے جو اس جوڑے کے بہت قریبی سمجھے جاتے ہیں۔ تقریب میں کسی کو بھی موبائل فون لے جانے کی اجازت نہیں تھی لہذا شادی کی تصاویر منظرِ عام پر نہیں آئیں۔
تاہم بالی وڈ پروڈیوسر اور ڈائریکٹر کرن جوہر نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے دونوں اسٹارز کی شادی کی تصدیق کی ہے۔
شادی کی تصاویر لیک ہونے سے روکنے کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور فضا میں ڈرونز تک استعمال کرنے کی اجازت نہیں تھی بلکہ انہیں روکنے کے انتظامات بھی کیے گئے تھے۔
چونکہ شادی اٹلی کی مشہور ترین جھیل کے کنارے رکھی گئی ہے لہذا مقامی حکام نے کشتیاں کرائے پر دینے والی کمپنیوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ علاقے سے باہر کے لوگوں کو بوٹس کرائے پر نہ دیں۔
ایک بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ نے خبر دی ہے کہ تقریب کے شرکا کو خصوصی رسٹ بینڈ پہنے بغیر آنے کی اجازت نہیں تھی۔ اس لیے تمام مہمانوں کو اپنی کلائیوں پر یہ بینڈ باندھنے پڑے۔
یہی نہیں بلکہ تمام مہمانوں کو اپنے فونز پر ’کیو آر کوڈز‘ بھی اسکین کرانے پڑے۔ تقریب کے شرکا کے لیے ہوٹل میں 75 کمرے بک کرائے گئے تھے جن پر 3 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد خرچ آیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں فنکار اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ 10 نومبر کو اٹلی پہنچے تھے۔ شادی کی تقریب میں جن مخصوص مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا ان میں شاہ رخ خان، فرح خان اور ڈائریکٹر سنجے لیلا بھنسالی شامل تھے، دیگر فنکار اور مہمان بھارت میں 28 نومبر کو ہونے والی تقریب میں مدعو کیے گئے ہیں۔
دپیکا اور رنویر سنگھ 18 نومبر کو بھارت لوٹیں گے جبکہ 21 نومبر کو بنگلور میں شادی کی ایک اور تقریب منعقد ہوگی جسے آپ استقبالیہ کہہ سکتے ہیں۔
شادی میں دلہا، دلہن کو تحفے نہ دینے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔ جوڑے نے پہلے ہی یہ اعلان کردیا تھا کہ شادی پر انہیں تحفے دینے کے بجائے مہمان اس سماجی تنظیم کو عطیات بھیج دیں جس کی وہ دونوں بھی مالی معاونت کرتے ہیں۔