کرونا وائرس سے بدترین متاثر اٹلی، اسپین اور فرانس میں اموات کی تعداد میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ لیکن، امریکہ اور برطانیہ میں وبا کا زور برقرار ہے۔ روس میں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ اور اموات ایک ہزار سے بڑھ گئی ہیں، جبکہ جنوبی امریکہ کے ملکوں میں صورتحال رفتہ رفتہ خراب ہو رہی ہے۔
جانز ہاپکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے مطابق، جمعرات تک 212 ملکوں اور خود مختار علاقوں میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 33 لاکھ اور ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ 33 ہزار سے زیادہ ہوچکی تھی۔
24 گھنٹوں کے دوران امریکہ میں برطانیہ میں 674، برازیل میں 390، فرانس میں 289، اٹلی میں 285، اسپین میں 268، کینیڈا میں 184، میکسیکو میں 163، جرمنی میں 156، سویڈن میں 124، پرو میں 108 اور روس میں 101 مریض دم توڑ گئے۔ ترکی میں 93، بیلجیم میں بھی 93، نیدرلینڈز میں 84، بھارت میں 75 اور ایران میں 71 مریض چل بسے۔
امریکہ میں جمعرات کو 2201 ہلاکتیں ہوئیں جس کے بعد کل تعداد 63856 تک پہنچ گئیں۔ ملک میں کرونا وائرس کے 63 لاکھ 90 ہزار ٹیسٹ ہوچکے ہیں جن میں 10 لاکھ 95 ہزار مثبت آئے ہیں۔
امریکہ کی 13 ریاستوں میں ایک ہزار سے زیادہ اموات ہوچکی ہیں۔ نیویارک میں 23780، نیوجرسی میں 7228، مشی گن میں 3789، میساچوسیٹس میں 3562، پینسلوانیا میں 2541، الی نوئے میں 2355، کینٹی کٹ میں 2257 اور کیلی فورنیا میں 2029 شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔ مزید جن ریاستوں میں ایک ہزار سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں ان میں لوزیانا، فلوریڈا، میری لینڈ، جارجیا اور انڈیانا شامل ہیں۔
اٹلی میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 27967، برطانیہ میں 26771، اسپین میں 24543، فرانس میں 24376، بیلجیم میں 7594، جرمنی میں 6623، ایران میں 6028، برازیل میں 5901، نیدرلینڈز میں 4795، کینیڈا میں 3180، ترکی میں 3174 اور سویڈن میں 2586 ہوگئی ہے۔
چین میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی اور وہاں اموات کی تعداد بدستور 4633 ہے۔ مزید چھ ملکوں میں ایک ہزار سے زیادہ شہری انتقال کرچکے ہیں جن میں میکسیکو، سوئزرلینڈ، آئرلینڈ، بھارت، پرو اور روس شامل ہیں۔
امریکہ کے علاوہ سات ملکوں میں ایک لاکھ سے زیادہ مریضوں کی تصدیق ہوچکی ہے۔ اسپین میں 2 لاکھ 39 ہزار، اٹلی میں 2 لاکھ 5 ہزار، برطانیہ میں ایک لاکھ 71 ہزار، فرانس میں ایک لاکھ 67 ہزار، جرمنی میں ایک لاکھ 63 ہزار، ترکی میں ایک لاکھ 20 ہزار اور روس میں ایک لاکھ 6 ہزار مریض سامنے آچکے ہیں۔
سات ہی ملکوں میں 10 لاکھ سے زیادہ کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔ ان میں ایک امریکہ ہے۔ روس میں 35 لاکھ، جرمنی میں 25 لاکھ، اٹلی میں 19 لاکھ، اسپین میں 14 لاکھ، متحدہ عرب امارات میں 11 لاکھ اور ترکی میں 10 لاکھ شہریوں کو جانچا جاچکا ہے۔
دنیا بھر میں 10 لاکھ 35 ہزار افراد کرونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔ ان میں امریکہ کے ڈیڑھ لاکھ، اسپین کے ایک لاکھ 37 ہزار، جرمنی کے ایک لاکھ 23 ہزار، چین کے 77 ہزار، اٹلی کے 76 ہزار اور ایران کے 75 ہزار شہری شامل ہیں۔