بیجنگ کے ایک اسپتال میں آتشزدگی سے 29 افراد ہلاک

آتشزدگی سے اسپتال کی بیرونی دیواریں سیاہ پڑ گئیں ہیں۔ 19 اپریل 2023

بیجنگ میں حکام کا کہنا ہے کہ منگل کو چین کے دارالحکومت میں واقع ایک اسپتال میں آگ لگنے سے 29 افراد ہلاک ہو گئے۔

آگ بیجنگ چانگ فینگ اسپتال کے مشرقی حصے میں لگی۔ یہ اسپتال چین کے دارالحکومت کے مغربی علاقے فینگتائی میں واقع ہے۔ فینگتائی ضلع کے نائب سربراہ لی زونگرونگ نے بدھ کو صحافیوں کو بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں 26 مریض، اسپتال کے عملے کے دو ارکان اور ایک اور شخص شامل ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے سے مجموعی طور پر 39 افراد زخمی ہوئے جن میں تین کی حالت تشویشناک ہے۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں لوگوں کو چادریں باندھ کر ان کی مدد سے کھڑکیوں سے باہرنکلتے ہوئے دکھایا گیا، جب کہ دیگر افراد کھڑکیوں کے باہر نصب ایئر کنڈیشننگ یونٹوں پر بیٹھے نظر آ رہے ہیں ۔

SEE ALSO: چین: کیمیکل پلانٹ میں دھماکے سے ایک شخص ہلاک

آگ پر جلد قابو پالیا گیا لیکن عمارت کا بیرونی حصہ دھوئیں سے سیاہ پڑ گیا۔

بیجنگ کے پبلک سیکیورٹی بیورو کے ایک اہل کار نے بتایا کہ آتشزدگی کے واقعہ میں 12 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، جن میں اسپتال کے ڈائریکٹر اور تعمیراتی عملے کے سربراہ ، اسپتال کے بیرونی حصے میں تزئین و آرائش کا کام کرنے والے کارکن شامل ہیں۔

SEE ALSO: چین: ’ریسٹ ہاؤس‘ میں آتشزدگی سے 38 افراد ہلاک

ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ آگ اس وقت لگی ہو جب ویلڈنگ سے پیدا ہونے والی چنگاریوں سے آتش گیر پینٹ نے آگ پکڑ لی۔

بیجنگ میں لگنے والی آگ بظاہر دو دہائیوں میں سب سے زیادہ ہلاکت خیز تھی ۔ چین میں حفاظتی معیارات کے نفاذ میں لاپروائی کی وجہ سے جان لیوا آگ لگنا عام ہے۔

(اس خبر کی معلومات رائٹرز اور اے ایف پی سے لی گئیں ہیں)