میکسیکو میں طوفانوں سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ

پیسیفک کوسٹ کے سیاحتی شہر اکاپولکو کے قریب گاؤں میں مٹی کا تودے گرنے کے بعد 58 افراد لاپتا ہیں۔
میکسیکو میں حکام کا کہنا ہے کہ مغربی ساحل پیسیفک کوسٹ کے سیاحتی شہر اکاپولکو کے قریب لا پنٹاڈا گاؤں میں طوفان کے باعث مٹی کا تودے گرنے کے بعد 58 افراد لاپتا ہیں۔

مقامی میئر نے صحافیوں کو بتایا کہ ملبے سے اب تک کم از کم 15 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔

میکسیکو کے مشرقی اور مغربی ساحلوں کے انگرڈ اور مینول نامی طوفانوں کی زد میں آنے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ ملک کے مختلف حصوں میں سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 80 تک پہنچ چکی ہے۔

میکسیکو کی فوج اور نجی فضائی کمپنیاں اکاپولکو میں پھنسے ہوئے 40,000 سیاحوں میں سے 5,000 سے زائد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر چکی ہیں۔ مینول کی زد میں آنے کے بعد اکاپولکو کی سڑکوں اور ایئرپورٹ کی عمارتوں میں سیلابی پانی کھڑا ہے۔

حکام کے مطابق مینول طوفان سے لگ بھگ 40 کروڑ ڈالر مالیت تک کے نقصانات ہوئے ہیں۔

ہریکین انگرڈ میکسیکو کے مشرقی ساحل گلف کوسٹ سے ٹکرایا تھا، جہاں ساحلی علاقے کے رہائشیوں کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ سرکاری آئل کمپنی پیمکس نے تیل کی تین تنصیبات سے عملے کو واپس بلا لیا تھا اور کچھ کنوؤں کی کھدائی کا کام بھی بند کر دیا گیا۔