طوفان میں سوسے زائد ہلاکتیں

طوفان میں سوسے زائد ہلاکتیں

شمال مشرقی بھارت میں ایک رو ز قبل آنے والے ہلاکت خیز طوفان کے بعد جمعرات کو حکام سڑکوں پر گرے درختوں کو ہٹانے میں مصروف ہیں جبکہ متاثرین کو امداد دینے کا کام بھی جاری ہے۔

سرکاری اعداد وشمار کے مطابق طوفان میں کم از کم 112 افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ 60 ہزار سے زیادہ گھروں کو اس نے تباہ کردیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ بے گھر افراد کو عارضی کیمپوں میں منتقل کیا جار ہا ہے۔

منگل کی شب آنے والے طوفان سے متاثر ہونے والے علاقوں میں بھارت کی دو ریاستیں مغربی بنگال اور بہار جبکہ ہمسایہ ملک بنگلہ دیش کے کچھ حصے شامل ہیں ۔

حکام کے مطابق 120 کلومیٹر کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے بہار اور مغربی بنگال میں بجلی اور ٹیلی فون کے نظام کو درہم برہم کر دیا جبکہ بڑے بڑے درختوں کو جڑوں سے اکھاڑ پھینکا۔

خلیج بنگال کے علاقوں میں اکثر آندھی وطوفان سے ایسی تباہ کاریا ں ہوتی رہتی ہیں۔ 2007 میں بنگلہ دیش میں ایک ایسے ہی طوفان میں ساڑھے تین ہزار سے زیادہ افراد ہلاک اور 20لاکھ بے گھر ہو گئے تھے۔