سعودی عرب نے کرونا وائرس کے پیشِ نظر مسلمانوں کے مقدس شہروں مکہ اور مدینہ میں تاحکم ثانی کرفیو نافذ کر دیا ہے۔ دمام، طائف اور قطیف میں نافذ کرفیو کے اوقات میں بھی چار گھنٹے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق سعودی وزارتِ داخلہ نے مکہ اور مدینہ میں جمعرات سے 24 گھنٹے کے لیے کرفیو نافذ کیا جب کہ کرفیو کے دوران بالغ افراد کو طبی ضروریات اور اشیا خورو نوش کی خریداری کے لیے صبح چھ بجے سے دوپہر تین بجے تک گھروں سے باہر جانے کی اجازت ہوگی۔
سعودی عرب کے شہروں دمام، طائف اور قطیف میں بھی کرفیو کے اوقات بڑھا دیے گئے ہیں۔ جہاں دوپہر تین بجے سے اگلی صبح چھ بجے تک کرفیو نافذ رہے گا۔
سعودی عرب میں کرونا وائرس سے اب تک 1885 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔ اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 21 تک جا پہنچی ہے۔
سرکاری ٹی وی پر خطاب میں سعودی وزیر برائے حج و عمرہ کا مسلمانوں سے کہنا تھا کہ وہ کرونا وائرس کے سبب جولائی کے آخر میں ہونے والے حج کی تیاریاں مؤخر کردیں۔
عرب نیوز چینل 'الجزیرہ' کے مطابق قطیف میں چار ہفتوں سے لاک ڈاؤن جاری ہے۔ جہاں ایران سے واپس آنے والے شخص میں کرونا وائرس کی سب سے پہلے تصدیق ہوئی تھی۔
اس کے علاوہ دارالحکومت رياض، مکہ، مدینہ اور جدہ میں محدود داخلے کی اجازت ہے۔
دوسری طرف عرب ریاستوں میں ان علاقوں میں لاک ڈاؤن سخت کیا جارہا ہے۔ جہاں بیرون ملک سے آئے کارکنوں کی تعداد زیادہ ہے۔
خیال رہے کہ عرب ریاستوں میں ایشیائی ممالک سے آئے ورکرز لاکھوں کی تعداد میں موجود ہیں۔