سرد جنگ کے دوران سخت حریفوں کے درمیان حالیہ مفاہمت کے نتیجے میں کیوبا نے تجربہ کار سفارتکار ہوزے کباناس کو جمعرات کو کیوبا کا امریکہ میں 54 سال بعد پہلا سفیر تعینات کیا ہے۔
کباناس 2012ء سے کیوبا کا واشنگٹن میں ’’انٹرسٹ سیکشن‘‘ چلا رہے تھے جو عملی طور پر سفارتخانے کے فرائض سرانجام دیتا تھا۔ بیس جولائی کو تعلقات رسمی طور پر بحال ہونے کے بعد انہیں سفارتخانے کا ناظم الامور بنا دیا گیا۔ کباناس نے جمعرات کو صدر براک اوباما کو اپنی سفارتی اسناد پیش کیں۔
کیوبا کے سفارتخانے سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ’’یہ تقریب وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں ہوئی جو صدر کا مرکزی دفتر ہے جہاں دن کے وسط میں امریکی صدر نے 16 نئے سفیروں کی اسناد وصول کیں۔‘‘
’’کیوبا کے سفیر کی اسناد کی تصدیق امریکہ اور کیوبا کے تعلقات کو معمول پر لانے کے عمل میں مزید ایک قدم ہے۔‘‘
واشنگٹن نے ابھی کیوبا کے لیے اپنا سفیر نامزد نہیں کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان باضابطہ سفارتی تعلقات ایک انقلاب کے ذریعے صدر فیدال کاسترو کے اقتدار میں آنے کے بعد 1961 سے منقطع تھے۔
وائٹ ہاؤس نے کباناس کے سفیر بننے کی تصدیق کی ہے۔ اپنے طویل سفارتی کیرئیر میں کباناس نے کیوبا کے آسٹریا میں سفیر اور نائب وزیر خارجہ کے فرائض سرانجام دیے ہیں۔